تلنگانہ میں کانگریس کا مستقبل تاریک : جگدیش ریڈی

   

حیدرآباد۔ ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ عوام کی بد دعا سے کانگریس پارٹی تباہ و تاراج ہوگئی ہے اور مستقبل میں تلنگانہ سے کانگریس کا مکمل صفایا ہوجائے گا۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں بدعنوانیوں کا میاپ تیار کرتے ہوئے پراجکٹس کا ڈیزائن تیار کیا گیا تھا جس کو تبدیل کرنے اور نیا ڈیزائن تیار کرنے پر کانگریس قائدین آگ بگولہ ہورہے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کی بدعنوانیوںکی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کانگریس کو بدعنوانیوں کی جڑ قرار دیا اور کہا کہ بدعنوانیوں ، غلط پالیسیوں اور غنڈہ گردی اور عوامی جذبات کا استحصال کرنے کے بعد کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے۔ مستقبل میں ریاست سے کانگریس کا ایک بھی رکن اسمبلی منتخب نہیں ہوپائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں بحیثیت وزیر خدمات انجام دینے کے باوجود اتم کمار ریڈی ضلع نلگنڈہ کو یک قطرہ پانی لانے میں بھی ناکام ہوگئے ۔