تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وبا کمزور ، احتیاطی اقدامات پر عمل برقرار

   

متاثرین کے اینٹی جین اور آر ٹی پی سی ٹسٹوں کو جاری رکھنے کی ہدایت ، محکمہ صحت کے احکام
حیدرآباد۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ کی جانے والی بتدریج گراوٹ کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے احتیاطی اقدامات میں کسی بھی طرح کی کوئی کوتاہی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے باوجود ریاستی حکومت نے معائنوں کا سلسلہ جاری رکھنے اور کسی بھی طرح کی شکایت کی صورت میں معائنہ کے ساتھ ہی قرنطینہ کے اصولوں کی پابندی کو یقینی بنانے کی حکام کو ہدایت دی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی ہدایات میں محکمہ صحت کو اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے معائنوں کی تعداد میں کمی نہ لائیں بلکہ معائنوں کی رفتار کو جاری رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ افراد کا معائنہ کریں ۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں کئی مقامات بالخصوص سرکاری دواخانوں میں کورونا وائرس کے معائنوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور مریضوں میں کسی بھی طرح کی علامات کے پائے جانے کی صورت میں فوری ان کا اینٹی جین ٹسٹ کیا جا رہا ہے اور جن مریضوں کو رونا وائرس کی توثیق ہورہی ہے ان کے آرٹی پی سی آر ٹسٹ کے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔محکمہ صحت کے ماہرین کا کہناہے کہ ریاست میں اب کورونا وائرس کی وباء کمزور ہونے لگی ہے اور گنجان آبادی والے علاقو ںمیں بھی مریضوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں گذشتہ 10ماہ کے دوران جملہ 2لاکھ 93ہزار590 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں 98 فیصد مریضوں کو مکمل صحت حاصل ہوچکی ہے ۔صحت مند ہونے والوں کی تعداد 2لاکھ 88ہزار926 رہی جبکہ کوروناوائرس سے فوت ہونے والوں کی تعداد 1592 بتائی جا رہی ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں کافی زیادہ مریض پائے جا رہے تھے لیکن اب شہر حیدرآباد میں بھی مریضوں کی تعداد میں تیزی سے کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے مگر اس کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے چوکسی میں کمی نہ کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔