تلنگانہ کے تمام اضلاع میں کانگریس بھون

   

نظام آباد میں کانگریس بھون کا سنگ بنیاد ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ و دیگر کا خطاب

نظام آباد ۔29 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر مہیش کمار گوڑ نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کے تمام اضلاع میں کانگریس بھون تعمیر کیے جائیں گے، جس کا باقاعدہ طور آغاز ضلع نظام آباد سے کیا گیا۔ آج شہر کے ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع آر اینڈ بی اراضی پر وزیر پنچایت راج سیتکّا کے ہمراہ نئے کانگریس بھون کی تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر قائدین نے روایتی طریقہ سے سنگ بنیاد رکھتے ہوئے تعمیری کاموں کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ضلع مرکز میں پہلے کانگریس بھون کی بنیاد رکھنا ان کے لیے باعثِ مسرت ہے اور اس عمارت کی تکمیل کے بعد اس کا افتتاح راہول گاندھی کے ہاتھوں عمل میں لایا جائے گا۔مہیش کمار گوڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس پارٹی قربانیوں کی علامت ہے اور ملک کی آزادی و ترقی کے لیے بے شمار کانگریسی قائدین نے اپنی زندگیاں قربان کی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ملک کو ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم عوام آئندہ انتخابات میں اس سیاست کو مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے پراعتماد انداز میں کہا کہ کانگریس پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات میں سو سے زائد نشستیں حاصل کرتے ہوئے دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور ریاست میں بی جے پی کے لیے کوئی مستقبل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کویتا کی نئی سیاسی سرگرمیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ان کی پارٹی کا خیرمقدم ہے، تاہم گزشتہ دس برسوں کے بی آر ایس دورِ حکومت کی پالیسیوں اور خامیوں میں ان کا کردار بھی شامل رہا ہے۔ریاستی مشیر محمد علی شبیر نے کہا کہ نظام آباد میں کانگریس بھون کی تعمیر پارٹی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستقل دفتر کی موجودگی سے پارٹی کارکنان کو بہتر سہولتیں فراہم ہوں گی اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ دفتر مستقبل میں عوامی خدمات کا ایک مؤثر مرکز ثابت ہوگا اور کانگریس پارٹی ہمیشہ عوامی فلاح کو اپنی ترجیح بنائے رکھے گی۔اس تقریب میں سدرشن ریڈی نے کے علاوہ رکن اسمبلی نظام آباد رورل بھوپتی ریڈی صدر نشین اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان ، مئیر اومارانی ،ضلع کانگریس صدر ناگیش ریڈی کے علاوہ دیگر کانگریس قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھے ۔