توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے والے بدنام زمانہ سارقین گرفتار

   

حیدرآباد۔ میر پیٹ پولیس نے توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے والے دو بدنام زمانہ عادی سارقین کو گرفتار کرلیا جو چاول، تیل، زیرا اور دیگر اشیائے ضروریہ کا لاریوں سے سرقہ کرتے تھے۔ پولیس نے 32 سالہ عبدالرحیم عرف فیروز ساکن چادر گھٹ اور 36 سالہ ٹی سائی نندا کشور عرف چنا ساکن اولڈ ملک پیٹ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 10.2 لاکھ 2 ہزار روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا جس میں 1920 کیلو گولڈ ڈراپ تیل، 4 ٹن چاول، 1100 کیلو زیرا، 2250 کیلو پھلی اور دو موٹر سائیکل شامل ہیں۔ صبح کے اوقات میں یہ لوگ سڑک کے کنارے موجود گاڑیوں کی نشاندہی کرتے تھے جو اَن لوڈنگ کیلئے آتی ہیں ان گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو نیند سے جگانے کے بعد خود کو مالک ظاہر کرتے ہوئے ان کی توجہ ہٹا کر مال ہڑپ لیا کرتے تھے اور دکانداروں اور ٹرک ڈرائیوروں کو دھوکہ دیکر مال کے ساتھ فرار اختیار کرتے تھے۔ حالیہ دنوں ان دونوں نے 7 وارداتیں انجام دی تھی جبکہ فیروز 7 کیسوں میں اور چنا 27 کیسوں میں ملوث بتایا گیا ہے۔