احمد آباد۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن جو جمعرات کو ہندوستان کے دو روزہ دورے پر ہیں، انہوں نے مہاتما گاندھی کو ایک غیر معمولی آدمی قرار دیا جنہوں نے سچائی اور عدم تشدد کے اصولوں پر زور دیا۔ جانسن سابرمتی آشرم کا دورہ کرنے والے پہلے برطانوی وزیر اعظم بن گئے۔ سابرمتی آشرم سے مہاتما گاندھی نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک برطانوی نوآبادیاتی حکمرانی سے آزادی کے لیے ہندوستان کی تحریک کی قیادت کی۔جانسن نے گاندھی آشرم کے مہمانوں کی کتاب میں لکھا اس غیر معمولی آدمی کے آشرم کا دورہ کرنا اور یہ سمجھنا کہ انہوں نے دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے سچائی اور عدم تشدد کے سادہ اصولوں پر کس طرح زور دیا۔برطانوی وزیر اعظم نے مہاتما گاندھی کی تعریف کی لیکن جدوجہد آزادی کے دوران برطانیہ کے حکمران طبقے کی طرف سے گاندھی جی کی ایسی تعریف کم ہی ہوئی۔ اپنے دورے کے دوران جانسن نے ہریدے کنج کا دورہ کیا جہاں مہاتما گاندھی رہتے تھے۔ برطانوی وزیراعظم نے چرخے پر سوت کاتنے کی کوشش بھی کی۔ انہیں چرخہ کی نقل بھی پیش کی گئی۔