جنگلاتی اراضی پر غیر مجاز قبضوں کیروک تھام ضروری: پولیس کمشنر

   

نظام آباد۔7 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد میں جنگلاتی اراضی پر ناجائز قبضوں کی روک تھام، موجودہ قبضوں کے قانونی طور پر خاتمہ، جنگلاتی وسائل کے تحفظ اور ماحولیات کے تحفظ کے مقصد سے پولیس اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اہم رابطہ اجلاس پولیس کمشنر دفتر کے کمانڈ اینڈ کنٹرول ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پولیس کمشنر نظام آباد پی سائی چیتنیا، اور ضلع فاریسٹ آفیسر پرشانت باجیراؤ پاٹل نے کی۔ اجلاس میں پولیس اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ ڈویژنل اور فیلڈ سطح کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے کہا کہ جنگلاتی اراضی پر ناجائز قبضے سرکاری املاک اور ماحولیات کو شدید نقصان پہنچانے والا سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگلاتی اراضی پر غیر قانونی قبضوں، تعمیرات، اراضی کی غیر مجاز تبدیلی، درختوں کی کٹائی، غیر قانونی کانکنی اور لکڑی کی غیر قانونی نقل و حمل سمیت کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلع فاریسٹ آفیسر پرشانت باجیراؤ پاٹل نے کہا کہ جنگلاتی اراضی کا تحفظ حکومت کے ہر محکمہ کے ساتھ ساتھ ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں جنگلاتی اراضی پر موجود ناجائز قبضوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں مرحلہ وار ختم کرنے کے لیے مشترکہ ایکشن پلان نافذ کرنے، ناجائز قبضوں، درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف خصوصی نگرانی کا نظام قائم کرنے، پولیس اور محکمہ جنگلات کے درمیان اطلاعات کے تبادلے کو تیز کرتے ہوئے فوری ردعمل کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔