’’جو کھیلے گا، وہ کھلے گا‘‘ منتر کیساتھ اولمپکس 2036 ’ٹیلنٹ ہنٹ‘ کا اعلان

   

نئی دہلی، 15 اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو 80ویں یوم آزادی پر ’’جو کھیلے گا، وہ کھلے گا‘‘ کے منتر کے ساتھ لال قلعہ کی فصیل سے اولمپکس2036کے لیے خصوصی تیاریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ’ٹیلنٹ ہنٹ‘ مہم چلاکر نئے کھلاڑی تیار کیے جائیں گے ۔ آج یہاں وزیراعظم اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان کا ہدف 2036 کے اولمپکس میں ہر کھیل مقابلے میں حصہ لینے کا ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے لیے باصلاحیت بچوں کی شناخت کرنے اور انہیں کھیلوں کی تیاری کے لیے بہترین تربیت اور مدد دینے کے لیے ملک بھر میں Talent Huntمہم شروع کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’میں ہمیشہ کہتا آیا ہوں، جو کھیلے ، وہ کھلے ۔ جب مَیں کھیلے ، وہ کھلے کی بات کر رہا ہوں، تب میرے عزیز اہل وطن، آج ہندوستان کھیل کی دنیا میں اپنی جگہ بنا رہا ہے ۔ اب کھیل کے پوڈیم میں ہندوستان کا قومی گیت سنائی دیتا ہے ، ہندوستان کا قومی ترانہ سنائی دیتا ہے ، ہندوستان کا ترنگا جھنڈا لہراتا نظر آ رہا ہے ۔ ٹاپس (Target Olympic Podium Scheme) اسکیم نے بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ کھیلو انڈیا گیمز، یونیورسٹی گیمز، ونٹر گیمز، بیچ گیمز، اسپورٹس انفراسٹرکچر، اسپورٹس کے لیے کوچنگ، اسپورٹس میڈیسن، اسپورٹس کے لیے نیوٹریشن، ان تمام موضوعات میں ہندوستان اب مہارت حاصل کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ۔ نوجوانوں کے لیے پورا نیا شعبہ کھلاڑی نہ بن سکے ، تو اس کے سپورٹ سسٹم میں بھی بہت بڑا شعبہ کھل رہا ہے ۔ اسپورٹس کی دنیا میں ہندوستان کی کارکردگی بہتر ہوتی جا رہی ہے اور ہم 2036 میں اولمپک کھیلوں کے مضبوط دعویدار بن کر آگے بڑھ رہے ہیں اور 2030 میں ہندوستان کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کرنے والا ہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو اولمپکس کے کھیل ہوتے ہیں، تقریباً 40 قسم کے گیم ہوتے ہیں اور تقریباً 325 سے 350 مقابلے ہوتے ہیں۔ اولمپکس میں اور آپ کو جان کر دکھ ہوگا میرے اہل وطن، میرے نوجوانو، میں آپ کو چیلنج کرتا ہوں، میں اپیل کرتا ہوں، میں آپ کی مدد چاہتا ہوں، 325 مقابلوں میں ہندوستان دو تہائی کھیلوں میں کہیں ہوتا ہی نہیں ہے ۔ ہماری موجودگی نہیں ہوتی، ہم کوالیفائی نہیں ہوتے ہیں، ہم نے طے کیا ہے کہ 2036میں جو اولمپکس ہوگا، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہندوستان میں ہو، لیکن 2036میں جن شعبوں میں آج ہندوستان کھیلتا نہیں ہے ، جن شعبوں میں ہندوستان کوالیفائی نہیں کرتا ہے ، جن مقابلوں کو ہندوستان نے چھوڑ رکھا ہے ، تین چوتھائی حصہ ہمارا انتظار کر رہا ہے، انڈیا اس پر زور دے گا اور اس کیلئے ہم ٹیلنٹ ہنٹ کی ایک مہم بھی چلانا چاہتے ہیں۔ ہمیں اگر 2036 کیلئے کھلاڑی چاہیے، تو آج جو 5 سال، 10 سال، 15 سال کی عمر کے یہ نوجوان ہیں، بیٹے ہیں، ان کی طرف توجہ دینی ہوگی، ان بیٹیوں پر توجہ دینی ہوگی اور اس لیے 5 سے 15 سال کی عمر کے بچوں میں کھیل کی صلاحیت ڈھونڈنے کیلئے گاؤں گاؤں، شہر شہر، اسکول اسکول ایک ٹیلنٹ ہنٹ کی مہم چلائی جائے گی، بچوں کی صلاحیت کو دیکھا جائے گا اور پھر ان کو خصوصی تربیت دے کر ملک کے لیے کھیلنے والے اچھے کھلاڑی بنائے جائیں گے ۔