حیدرآباد۔31۔اگسٹ (سیاست نیوز) جوبلی ہلز سوسائٹی کے انتخابات میں بی رویندر ناتھ کی زیر قیادت پیانل کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ سابق مینجنگ کمیٹی کی جانب سے سوسائٹی کی 2000 کروڑ سے زائد مالیتی اراضی میں مبینہ بے قاعدگیوں کے الزامات کے تحت انتخابات میں رویندر ناتھ پیانل کی کامیابی اہمیت کی حامل ہے۔ رویندر ناتھ پیانل کو ڈائرکٹر کی تمام 15 عہدوں پر کامیابی حاصل ہوئی ۔ ٹی نریندر چودھری کے پیانل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جو این ٹی وی چودھری کے نام سے شہرت رکھتے ہیں۔ شکست خوردہ پیانل کی قیادت کنٹراکٹر ڈی سینیا کر رہے تھے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق نتائج کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔ تاہم رویندر ناتھ پیانل کے تمام 15 ارکان کی کامیابی ہوئی ہے جن میں دو خواتین شامل ہیں۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران ایک مرحلہ پر سینیا کو سبقت حاصل تھی لیکن بعد میں وہ پیچھے ہوگئے ۔ سوسائٹی کے جملہ 4039 ارکان میں 1814 نے رائے دہی میں حصہ لیا۔ سپریم کورٹ کی اجازت کے بعد ہی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ کامیابی حاصل کرنے والے پیانل نے مہم کے دوران رائے دہندوں کو واقف کرایا کہ جوبلی ہلز سوسائٹی کے قیمتی اراضی کے تحفظ میں رویندرناتھ کا اہم رول ہے۔ مخالف پیانل نے عدالت میں مقدمات درج کرتے ہوئے الیکشن کو روکنے کی کوشش کی لیکن رویندرناتھ پیانل کو عدالت سے الیکشن کی اجازت حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔1/k/m/b