جوکو وچ کی شکست ایک بڑا حیران کن نتیجہ: الکاراز

   

نیویارک،یکم ستمبر (آئی اے این ایس) دفاعی چمپئن کارلوس الکاراز نے یو ایس اوپن کے پہلے ہی راؤنڈ میں نوواک جوکووچ کے حیران کن اخراج کو ’بڑا حیران کن نتیجہ‘ قرار دیا ہے۔ اسپین کے الکاراز نے چار ماہ کے زخم سے صحتیابیکے بعد واپسی کرتے ہوئے رومن سفیولین کو راست سیٹوں میں شکست دے کر خطاب کے دفاع کی مہم کا فاتحانہ آغازکیا۔ دوسری جانب جوکووچ کو اس سے پہلے پانچ سیٹوں کے مقابلے میں ماریانو ناوونے کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے ساتھ ہی سربیا کے اسٹارکا ٹورنمنٹ میں سفر غیر متوقع طور پر پہلے ہی راؤنڈ میں ختم ہوگیا۔ اس نتیجے نے الکاراز اور جوکووچ کے درمیان ممکنہ سیمی فائنل مقابلے کا امکان بھی ختم کردیا۔ یہ 2006 کے آسٹریلین اوپن کے بعد پہلا موقع ہے جب جوکووچ کسی گرانڈ سلیم ٹورنمنٹ کے پہلے راؤنڈ میں شکست کھاکر باہر ہوئے ہیں۔الکاراز نے کہاکہ انہوں نے جوکووچ اور ناوونے کے درمیان مقابلے کے پانچویں سیٹ کے سنسنی خیز لمحات دیکھے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے اس اپ سیٹ کی اہمیت پر بات کی۔الکاراز نے پیرکو رومن سفیولین کے خلاف اپنی جیت کے بعد اے ٹی پی کے حوالے سے کہا میں نے پانچواں سیٹ دیکھا۔ ظاہر ہے کہ یہ پہلی مرتبہ تھا جب نوواک اس ٹورنمنٹ میں پہلے راؤنڈ میں ناکام ہوئیہیں، اس لیے یہ ایک بڑا تعجب خیزنتیجہ ہے۔ نوواک جیسے کھلاڑی کا پہلے راؤنڈ میں باہر ہونا واقعی حیران کن ہے۔انہوں نے مزید کہا لیکن ہرگرانڈ سلام میں ہر راؤنڈ سے گزرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ہر کھلاڑی کے لیے یہ سخت مقابلہ ہے۔ آپ کو پہلی گیند سے آخری گیند تک جیت کے لیے محنت کرنا پڑتی ہے۔ وہ میرے ڈرا کے حصے میں تھے، لیکن سیمی فائنل میں۔ میرے لیے سیمی فائنل ابھی بہت دور ہے، اس لیے میں صرف ایک ایک راؤنڈ پر توجہ مرکوزکر رہا ہوں۔جوکووچ کے اخراج سے الکاراز کے ڈرا کا نقشہ ضرور تبدیل ہوا ہے، تاہم اسپین کے 23 سالہ کھلاڑی کو اپنے خطاب کے دفاع میں اب بھی سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔ وہ 139 دن بعد پہلی مرتبہ سنگلز مقابلے میں واپس آئے ہیں۔الکاراز اپریل سے دائیں کلائی کی تکلیف کے باعث ٹینس کورٹ سے دور تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ طویل وقفے کے بعد واپسی نے انہیں معمول سے زیادہ نروس کردیا تھا۔ تاہم انہوں نے سفیولین کے خلاف شاندارکھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور 28 ونرز لگائے۔ بعد میں انہوں نے تصدیق کی کہ انہیں مقابلے کے دوران کسی قسم کا درد محسوس نہیں ہوا۔ الکاراز نے139 دن بعد پہلے سنگلز میچ سے قبل اپنے جذبات کے بارے میں کہا یہ میرے لیے ایک مشکل دن تھا، لیکن ساتھ ہی بہت خوبصورت بھی۔ دن کے آغاز میں میں بہت پریشان تھا اور سوچ رہا تھا کہ کیا میں دوبارہ کھیل پاؤں گا اور مقابلہ کر سکوں گا۔ معمول سے زیادہ گھبراہٹ تھی، لیکن میں خوش تھا۔