حادثات ہونے پر ہنگامی طبی امداد کیلئے اقدامات

   

آوٹر رنگ روڈ کے قریب ’’ٹراما کیرسنٹر‘‘ اور’’ بلڈبنک‘‘ کے قیام کا فیصلہ : کلکٹر
حیدرآباد ۔ 17؍ نومبر ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد شہر کے اطراف پائی جانے والی آوٹر رنگ روڈ پر پیش آنے والے حادثات میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو ہنگامی نوعیت کی طبی امداد بہم پہونچانے کے مقصد سے آوٹر رنگ روڈ کے قریب ہی انتہائی عصری سہولتوں سے آراستہ ٹراما کیر سنٹر‘‘ اور بلڈ بینک کا قیام عمل میں لانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ ریڈکراس سوسائٹی میڑچل کے زیر اہتمام س ایس آر ‘ (کارپوریٹ سوشیل ریسپانسیبلیٹی) پروگرام کے تحت (3) کروڑروپئے اکھٹا کر کے بلڈ بینک اور ٹراما کیر سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائیگا ۔ اور اس ٹراما کیر سنٹر میں سڑک حادثات میں شدید زخمی ہونے والے زخمیوںکو مفت ہنگامی نوعیت کی طبی امداد بہم پہونچانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹر میڑچل ڈاکٹر ایم ریڈی نے حکومت کی ہدایات پر گذشتہ چند دن قبل ہی شاہ میر پیٹ منڈل انتائی پلی کے حدود میں واقع سروے نمبر 837 میں پائی جانے والی اراضی میں سے نصف ایکڑ اراضی ریڈ کراس سوسائٹی کے تفویض کئے اور اس اراضی پر ریڈکراس سوسائٹی ڈسٹرکٹ آفس کے علاوہ بلڈ بینک اور تقریباً 5 تا 10 بیڈپر مشتمل ٹراما کیر سنٹرک کے لئے عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ علاوہ ازیں اس اراضی سے متصل ہی میڑچل ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرس ہاسپٹل کی تعمیر کے لئے 4.20 ایکڑ اراضی بھی مختص کی گئی ہے ۔ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میڑچل کی تعمیر کے منصوبہ جات فی الوقت حکومت کے زیر غور ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع میڑچل میں انتہائی وسیع تر ٹرانسپورٹ سہولتیں پائی جاتی ہیں ۔ بالخصوص راجیو راہداری ‘ آوٹررنگ روڈ اور ورنگل ہائی وے جیسے اہم شاہراہوں ہر روز کوئی نہ کوئی علاقہ میں سڑک حادثوں کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ لیکن حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو ہنگامی نوعیت کی طبی امداد بہم پہونچانے کے لئے حیدرآباد کو ہی روانہ کرنا پڑتا ہے ۔ اور اس دوران بڑے پیمانے پر زخمیوں کے جسم سے خون بہہ جانے پر موت واقع ہوجانے کی زیادہ تر امکانات پائے جاتے ہیں ۔ لہذا اس قومی شاہراہ سے قریب انتہائی عصری سہولتوں سے آراستہ ٹراما کیر سنٹر قائم کرنے کی صورت میں سڑک حادثات میں شدید زخمیوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے ۔ ان حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی ضلع کلکٹر میڑچل ڈاکٹر ایم ای ریڈی کی خصوصی دلچسپی کے ذریعہ ٹراما کیر سنٹر کا قیام عمل لانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔