حج ہاؤز اور ایرپورٹ پر بہتر سہولتیں، سرکاری اُمور کی عاجلانہ تکمیل کیلئے عہدیداروں کا تیقن
حیدرآباد 28 اپریل (سیاست نیوز) حج 2026ء کے تلنگانہ عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا 4 مئی سے آغاز ہوگا۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ، ایکزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی محمد اسداللہ اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے موقع پر بہتر سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ جی ایم آر، کسٹمس، ایمگریشن، سی آئی ایس ایف، ایرلائنز اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے وزیر اقلیتی بہبود اور اُن کی ٹیم کو اُن مقامات کا معائنہ کرایا جہاں عازمین حج کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ محمد اظہرالدین اور مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے عازمین حج کے سرکاری اُمور کی سابق کی طرح حج ہاؤز میں تکمیل پر زور دیا تاکہ عازمین تمام اُمور کی تکمیل کے بعد اطمینان سے ایرپورٹ پہونچ سکیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے حج کیمپ میں ایمگریشن، کسٹمز اور دیگر سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں۔ عہدیداروں نے جاریہ سال بھی اِس سہولت کو جاری رکھنے کا تیقن دیا اور کہاکہ چہارشنبہ کو عہدیداروں کی ٹیم حج ہاؤز کا دورہ کرے گی اور انتظامات کو قطعیت دی جائے گی۔صدرنشین حج کمیٹی نے حج ہاؤز میں سرکاری اُمور کی تکمیل کے سلسلہ میں مرکزی وزیر اقلیتی اُمور اور وزیر شہری ہوا بازی سے نمائندگی کی۔ حج ہاؤز میں سرکاری اُمور کی تکمیل کے بعد عازمین بورڈنگ کارڈ کے ساتھ خصوصی بسوں کے ذریعہ ایرپورٹ روانہ ہوں گے۔ عازمین کے لئے ایرپورٹ کے حدود میں علیحدہ گوشہ متعین کیا گیا ہے۔ اِس علاقہ میں عازمین کے لئے ادائیگی نماز کی سہولت رہے گی۔ حج کمیٹی کے عہدیدار اور والینٹرس کی جانب سے عازمین کی رہنمائی کی جائے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حج کیمپ میں گزشتہ سے بہتر انتظامات کی ہدایت دی ہے اور حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کی آمد سے روانگی تک بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت اور حج کمیٹی عازمین کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز تصور کرتی ہے۔ دیگر ریاستوں کے عازمین کو درپیش مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ حج کمیٹی نے حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین کو کسی دشواری کے بغیر سعودی عرب پہونچنے کے انتظامات کئے ہیں۔ عازمین کے قافلے 4 مئی تا 21 مئی حیدرآباد سے راست جدہ پہونچیں گے۔ 14 مئی تک تک کے قافلوں کے عازمین کا سعودی عرب میں 39 تا 44 دنوں کا قیام رہے گا جبکہ 19 تا 21 مئی 4 قافلوں کے عازمین 25 تا 30 دن قیام کریں گے۔ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کی واپسی کا مدینہ منورہ سے 11 جون کو آغاز ہوگا اور 23 جون کو آخری قافلہ حیدرآباد واپس ہوگا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کو بہتر تال میل کے ذریعہ نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی۔ حج کیمپ اور ایرپورٹ پر انتظامات کی نگرانی کے لئے ارکان حج کمیٹی اور عہدیداروں کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔i/kV/1