حج قافلہ کو طاہر بن حمدان نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا

   

نظام آباد۔19مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حج ہاؤز نامپلی سے آج مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین کی موجودگی میں عازمین حج 2026 کے قافلہ کو پُرتپاک انداز میں رخصت کیا گیا۔ اس موقع پر صدر نشین اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان نے عازمین حج کے قافلہ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے محفوظ اور بابرکت سفر حج کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طاہر بن حمدان نے عازمین حج سے ریاست کی خوشحالی، عوام کی بھلائی اور حکومت کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت عازمین حج کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے حاجیوں کے اخراجات میں فی کس 10 ہزار روپئے کی اضافی امداد برداشت کی جارہی ہے تاکہ عازمین کو سہولت فراہم ہوسکے۔طاہر بن حمدان نے صدر نشین حج کمیٹی اور متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حج انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ اس موقع پر خسرو پاشا، صدر نشین حج کمیٹی عبید اللہ کوتوال،مائنارٹی فائنانس کارپوریشن عظمت اللہ حسینی،صدر نشین وقف بورڈ ایم اے فہیم،چیئرمین لائبریری عرفان علی چیئرمین مائنارٹی سل تلنگانہ اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔