سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر کا کہنا ہے کہ حکومت جموں وکشمیر میں صحت عامہ اور طبی تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے پر عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں دو جدید ترین کینسر ہسپتال تعمیر ہونے والے ہیں۔موصوف مشیر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں منعقدہ میڈیکل ریسرچ میں آرٹیفشل انٹلی جنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ہم جموں و کشمیر میں دو اے آئی آئی ایم ایس (ایمز) قائم کرنے جا رہے ہیں نیز یونین ٹریٹری میں کئی نئے میڈیکل کالجز بن گئے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم جموں وکشمیر میں دو جدید ترین کینسر ہسپتال بنانے جا رہے ہیں اور بچوں کے ہسپتال بھی تعمیر ہونے والے ہیں’۔مسٹر بھٹناگر نے کورونا کے دوران جموں و کشمیر کے طبی عملے کی طرف سے ادا کئے جانے والے رول کی بھی سراہنا کی۔سرجری اور میڈیکل ریسرچ میں آرٹیفشل انٹلی جنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں ہیلتھ ریکارڈوس کی ڈیجیٹلائزیشن کر رہے ہیں جس سے یہاں مریضوں کی دیکھ ریکھ میں بہتری واقع ہوگی۔