تین مکانات میں سرقہ کی سنگین وارداتیں ، عوام خوف زدہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہر و نواحی علاقوں میں بدنام زمانہ ڈاکوؤں کی ٹولی چڈی گینگ نے پھر ایک بار دہشت مچادی ۔ گیٹیڈ کمیونٹی کو نشانہ بنانے والی یہ بین ریاستی ٹولی ہتھیاروں کے ساتھ سرقہ کی واردات کو انجام دیتی ہے ۔ اپنے خوفناک حلیہ اور جھنڈ کی شکل میں واردات انجام دینے والی چڈی گینگ کی سرگرمیوں سے شہریوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے ایک عرصہ دراز تک سرگرمیوں سے دور رہنے والی چڈی گینگ نے اندرون ہفتہ دوسری واردات کو انجام دے دیا ۔ نارسنگی حدود کے نیک نام پورہ کا واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ حیات نگر کے علاقہ میں ایک ساتھ تین مکانات کو نشانہ بنایا گیا ۔ ذرائع کے مطابق حیات نگرمیں واقع گلمویر گیٹیڈ کمیونٹی میں ٹولی نے سنسنی مچادی ۔ دو مکانات کے تالے توڑ کر مکانات سے قیمتی طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محسن حسین اور سنجیو راؤ کے مکانات کے تالے توڑ کر ان کی قیمتی اشیاء و طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا گیا ۔ محسن حسین جو پیشہ سے سافٹ ویر ملازم بتایا گیا ہے وہ اپنے افراد خاندان کے ہمراہ کھمم گئے تھے اور ان کے پڑوسی سنجیو راؤ بھی منچریال گئے تھے ۔ کل جب محسن حسین واپس لوٹے تو انہیں مکان میں سرقہ کی واردات کا پتہ چلا اور جیسے ہی انہوں نے سنجیو راؤ کے مکان کو دیکھا فوری انہیں فون کرتے ہوئے طلب کرلیا ۔ ان واقعات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔۔ ع m/b