حیدرآباد فضائی آلودگی میں نئی دہلی کے راستہ پر

   

آلودگی میں تیزی سے اضافہ صحت کیلئے نقصاندہ، تنگ سڑکیں اور
گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ اہم وجہ،ماحولیاتی ماہرین کا اظہار تشویش
حیدرآباد ۔4۔نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں فضائی آلودگی میں روز افزوں اضافہ انسانی زندگی کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ دیپاولی تہوار کے بعد ملک کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کا جائزہ لیا گیا جس کے تحت دارالحکومت نئی دہلی میں آلودگی کی شرح خطرہ کے نشان کو عبور کرچکی ہے۔ حیدرآباد میں ماہرین نے بڑھتی فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں حیدرآباد کی فضاء میں آلودگی بڑھنے لگی ہے اور یہ صورتحال انسانی صحت کو متاثر کرسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق حیدرآباد میں بڑھتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے سرکاری اور غیر سرکاری دونوں سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد کی فضاء جو چند برسوں قبل تک صحت بخش تصور کی جاتی تھی ، اب آلودگی میں اضافہ نے فضاء کو انسانی صحت کے لئے نقصان دہ بنادیا ہے۔ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو حیدرآباد بھی دارالحکومت دہلی کے راستہ پر چل پڑے گا، جہاں ایک صحت مند انسان کیلئے سانس لینا بیماریوں کو دعوت دینے کے مترادف بن سکتا ہے ۔ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن نے ہندوستان کے بڑے شہروں میں فضاء میں کاربنڈی آکسائیڈ ، نیٹرس آکسائیڈ اور دیگر مضرت رساں گیس کی آمیزش پر تشویش ظاہر کی ہے۔ حیدرآباد میں گزشتہ دنوں جن علاقوں میں فضائی آلودگی میں غیر معمولی اضافہ درج کیا گیا ، ان میں صنعت نگر ، ایکریسائیڈ منصور آباد اور امریکی کونسلیٹ کا علاقہ شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تنگ سڑکیں اور بڑھتی ٹریفک کے نتیجہ میں آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈیزل کی بڑھتی گاڑیوں نے بھی آلودگی میں اضافہ میں اہم رول ادا کیا ہے۔ دہلی کے علاوہ پنجاب اور ہریانہ میں بھی آلودگی خطرہ کے نشان کو عبور کرچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو سانس لینے میں دشواری اور دیگر عوارض کا سامنا ہے۔ پروفیسر پروشوتم ریڈی جو ماحولیاتی تحفظ کے ماہرین میں شمار کئے جاتے ہیں ۔ ان کا ماننا ہے کہ قومی سطح پر حکومت کو ماحولیاتی تحفظ کے لئے اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صحت کے تحفظ کیلئے ماحولیات کا تحفظ ضروری ہے۔ فضائی آلودگی کے سلسلہ میں جو انڈیکس طئے کیا گیا ہے اس کے مطابق 0-50کو بہتر فضاء میں شمار کیا جائے گا ۔ اگر ایر کوالیٹی انڈیکس51-100 ریکارڈ کیا جائے تو اسے اوسط فضاء مانا جائے گا اور 101-150 کو غیر صحت مندانہ فضاء کہا جاتا ہے ۔ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں ایر کوالیٹی انڈیکس 130 تا 159 درج کیا گیا جو فضائی آلودگی میں سنگین اضافہ کی علامت ہے۔ 1