حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر لکشمن نے ریمارک کیا کہ بی آر ایس سربراہ کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے حیدرآباد کو مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے سے متعلق کے ٹی آر کے الزامات کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی فائدہ کیلئے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ لکشمن نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے سابق میں تحفظات کی مخالفت کی تھی لیکن آج خود کو تحفظات کے چمپین کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کبھی بھی کمزور طبقات کے تحفظات کی مخالفت نہیں کی ۔ مسلم تحفظات کے بارے میں دیئے گئے امیت شاہ کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں مسلمانوں کو فراہم کردہ تحفظات کو ہائی کورٹ نے کالعدم کردیا تھا لیکن سپریم کورٹ میں حکم التواء کے ذریعہ عمل کیا جارہا ہے۔ لکشمن نے کہا کہ ریونت ریڈی بنیادی طور پر کانگریس کے نہیں ہیں اور حقیقی کانگریس قائدین کو اس بارے میں سوچنا چاہئے۔ 1