لوانکم کے 70 ہزار اور مڈل انکم کے 30 ہزار فلیٹس، ڈیزائن کو عنقریب قطعیت، ریاستی وزیر سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔29۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے بشمول کور اربن ریجن علاقہ کے 24 اسمبلی حلقہ جات میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ محکمہ عمارات و شوارع سے جی او ایم ایس 23 جاری کیا گیا جس کے تحت لو انکم گروپ کے 70,000 اور مڈل انکم گروپ کے 30,000 فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ حکومت نے تلنگانہ ہاؤزنگ بورڈ کو پائلٹ پراجکٹ کے تحت 12,000 فلیٹ کی تعمیر کی اجازت دی ہے۔ اسکیم کے تحت لو انکم گروپ کے استفادہ کنندگان کو 5 لاکھ روپئے کی سبسیڈی فراہم کی جائیگی اور اراضی کے چارجس وصول نہیں کئے جائیںگے۔ تعمیر کردہ فلیٹس مستحق استفادہ کنندگان کے نام پر رجسٹر کئے جائیں گے۔ حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ فلیٹس کی تعمیر کیلئے تنازعات سے پاک سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں ۔ ہاؤزنگ بورڈ کو نوٹیفکیشن کی اجرائی اور گائیڈ لائینس کا مجاز قرار دیا گیا ہے ۔ ہاؤزنگ بورڈ اپنے وسائل کا استعمال کرکے فلیٹس تعمیر کرے گا۔ اسی دوران وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ شہری علاقوں میں غریب خاندانوں کو مکانات کی فراہمی کے مقصد سے حکومت نے دو علحدہ زمروں میں فلیٹس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت 24 اسمبلی حلقہ جات میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کا کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ سرینواس ریڈی نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شہری علاقوں میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کا جائزہ لیا اور فلیٹس کے سلسلہ میں مختلف ڈیزائن کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو قطعیت دینے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 40 تا 50 برسوں کی ضرورت کی تکمیل کرتے ہوئے حکومت شہری علاقوں میں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف تعمیر حکومت کا مقصد نہیں ہے بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے کارآمد مکان کے طور پر ڈیزائن اور سہولتیں طئے کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ضرورتوں کے مطابق جہاں ناگزیر ہو وہاں 10 منزلہ رہائشی کامپلکس تعمیر کیا جائے گا۔ ہال ، بیڈروم ، کچن باتھ روم جیسی سہولتیں حاصل رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غریب اور متوسط خاندان مکان کے ڈیزائن سے مطمئن رہ سکتا ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ کو ایک یونٹ تصور کیا جائے گا اور اس حلقہ سے تعلق رکھنے والے غریبوں کو اسی علاقہ میں فلیٹ کی تعمیر کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مشاورت کے بعد ڈیزائن کو قطعیت دی جائے گی۔1/k