حیدرآباد کو ملک کی دوسری راجدھانی بنانے مرکز کی تجویز نہیں : کشن ریڈی

   

حیدرآباد 17 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ برائے داخلہ مسٹر جی کشن ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد کو ملک کی دوسری راجدھانی بنائے جانے کی کوئی تجویز مرکزی حکومت کے زیرغور نہیں ہے۔ اُنھوں نے آج اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ریاست آندھراپردیش میں تعمیر کئے جانے والے پولاورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا موقف فراہم کیا گیا اور بہت جلد اس پراجکٹ کے کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ اُنھوں نے تلنگانہ کے کالیشورم پراجکٹ پر بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ کو قومی موقف فراہم کرنے کی کوئی تجویز مرکزی حکومت کے زیرغور نہیں ہے۔ ریاست میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین کی جاری غیر معینہ مدت کی بس ہڑتال کے مسئلہ پر پوچھے گئے ایک سوال پر جی کشن ریڈی نے واضح طور پر کہاکہ آر ٹی سی کا مسئلہ ریاست تلنگانہ کی حکومت کے حدود کا مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کی یکسوئی کے لئے خود ریاستی حکومت کو ہی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہاکہ متحدہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد آندھراپردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی باقاعدہ طور پر ابھی تقسیم عمل میں نہیں آئی ہے لہذا آر ٹی سی سے متعلق املاک کی تقسیم کے معاملہ میں دونوں ریاستوں کے چیف منسٹروں کو مل بیٹھ کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔