خاتون کی مدد کے لئے روڈی شیٹر کا مقابلہ کرنے والے آٹو ڈرائیور ظہیر کو پولیس نے تہنیت پیش کی

   

حیدرآباد : /5 مئی (سیاست نیوز) بے یار و مددگار ایک ہندو خاتون کی مدد کیلئے روڈی شیٹر کا مقابلہ کرنے والے آٹو ڈرائیور کو کمشنر پولیس نے تہنیت پیش کی ۔ کمانڈ کنٹرول سنٹر طلب کرتے ہوئے کمشنر پولیس سجنار نے آٹو ڈرائیور محمد ظہیر کو اعزاز پیش کیا اور ان کی بہادری کی سراہانہ کرتے ہوئے توصیف نامہ پیش کیا ۔ روڈی شیٹر سے مقابلہ کرنے اور خواتین کی مدد کی ساری ویڈیو کیمروں میں ریکارڈ کرلی گئی جو وائرل ہوچکی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کل صبح کی اولین ساعتوں میں جنسی چوراہا بیگم بازار سے دو خواتین پیدل گزررہی تھی ۔ خواتین دراصل چہل قدمی کررہی تھیں کہ اس دوران ایکٹیوا گاڑی پر ایک شخص ان کے قریب پہنچا اور خاتون کے گلے سے طلائی چین چھین کر فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہوکر گرپڑی ۔ اس دوران خواتین نے چیخ و پکار شروع کردی ۔ محمد ظہیر اپنے آٹو میں اس راستہ سے گزرہے تھے ۔ انہوں نے آٹو کے سائیڈ مرر میں یہ منظر دیکھا تو فوری خواتین کی مدد کیلئے آٹو پلٹا لیا اور قریب پہنچا اس دوران رہزن فرار ہونے کی کوشش میں تھا کہ ظہیر نے آٹو سے اس کی ایکٹوا کو ٹکر دے دی وہ گر پڑا ۔ ظہیر اس کو جکڑنے کی کوشش کررہا تھا کہ اس نے حملہ کردیا ۔ روڈی شیٹر کے حملہ کی پرواہ کئے بغیر ظہیر نے دلیری سے اس کا مقابلہ کیا اور وہ پکڑا گیا ۔ جس کی شناخت محمد سہیل کی حیثیت سے کرلی گئی جو دبیرپو رہ علاقہ کا روڈی شیٹر نکلا ۔ گشت میں موجود پولیس نے روڈی شیٹر کو حراست میں لے لیا ۔ جب خاتون نے اس آٹو ڈرائیور کا پولیس گوشہ محل سے ذکر کیا اور واقعہ بتایا تو پولیس نے ٹکنیکل ٹیم کی مدد سے ظہیر کا پتہ حاصل کرلیا اور کمشنر پولیس نے اس واقعہ پر آٹو ڈرائیور ظہیر کی دلیری ، ہمت اور انسانی ہمدردی کیلئے پریشان حال خاتون کی مدد اور اس کے لئے اپنی جان کو داؤ پر لگانے کی کوشش کی زبردست ستائش کی اور ظہیر کو ایک عوامی پولیس اور دیگر شہریوں کیلئے رول ماڈل قرار دیا ۔ بعد ازاں پولیس نے محمد سہیل کے خلاف گوشہ محل پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا اور اسے گرفتار کرلیا ۔ سہیل کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں 16 مقدمات درج ہیں ۔ ع y/