رجسٹریشن سے قبل اندرون دو یوم جانچ کی تکمیل کی ہدایت، سیکشن 22/A تنازعہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد : 19 اگست ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے رجسٹریشن ایکٹ کی دفعہ 22/A کے تحت ممنوعہ فہرست میں اراضیات اور جائیدادوں کی شمولیت کے جاریہ تنازعہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ حکومت عوام کے جائیداد حقوق کے تحفظ کیلئے پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جائیداد مالکین کو اپنی املاک کے رجسٹریشن میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آیا اس کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے وزیر مال پی سرینواس ریڈی اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ سیکشن 22/Aکے تحت شامل کی گئی اراضیات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر کوئی جائیداد 22/A فہرست میں شامل ہے اور اُس کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے سلاٹ بک کیا گیا ہے محکمہ مال کے عہدیدار اندرون 2یوم اس کی جانچ مکمل کرلیں گے ۔ اگر جانچ میں زمین ذاتی ملکیت ثابت ہوتی ہے رجسٹریشن فوری طور پرمکمل کیا جائے گا ۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ 22/A فہرست میں شامل اراضی کی مکمل جانچ کرے اور ایک درست فہرست تیار کی جائے تاکہ اس تنازعہ کا مستقل طور پر حل تلاش کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جانچ میں کوئی بھی کوتاہی ناقابل قبول رہے گی اور یہ عمل جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیئے ۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اراضی حقوق کے بارے میں کسی تشویش میں مبتلا نہ ہو ۔ حکومت شہریوں کی جائیداد کے حقوق کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے ۔ حکومت ذاتی اور خانگی ملکیت کی ایک اینٹ زمین کے بارے میں بھی کسی مسئلہ پر تنازعہ کو پیدا ہونے نہیں دے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 22/A اراضی معاملہ میں بروکرس اور درمیان افراد سے رجوع نہ کریں اور کسی بھی افواہ یا من گھڑت باتوں پر یقین نہ کریں ۔ چیف منسٹر نے خانگی اراضیات اور جائیدادوں کو ممنوعہ فہرست میں شامل کرنے کی مکمل جانچ کی ہدایت دی ہے ۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے چیف منسٹر کو اس تنازعہ کے حل کیلئے محکمہ مال کی جانب سے اقدامات سے واقف کرایا ۔انہوں نے کہا کہ خانگی جائیدادوں اور اراضیات پر کسی بھی دعویداری کی اندرون ایک ہفتہ یکسوئی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 1/S