دسویں جماعت کے نتائج آج دوپہر 2 بجے جاری ہوں گے

   

پہلی مرتبہ واٹس ایپ کے ذریعہ رزلٹ اور میمو حاصل کرنے کی سہولت

حیدرآباد ۔28۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات دینے والے لاکھوں طلبہ کا انتظار کل ختم ہونے جارہا ہے ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 29 اپریل چہارشنبہ کو دوپہر 2 بجے نتائج کا اعلان کردیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ اس سال تقریباً 5.15 لاکھ ریگولر طلبہ نے امتحانات میں حصہ لیا تھا ۔ 14 مارچ سے امتحانات کا آ غاز ہوا جو 13 اپریل کو اس کا اختتام ہوا ۔ جوابی پرچوں کی جانچ کا عمل 23 اپریل کو مکمل کرلیا گیا تھا ۔ اگرچہ کہ نتائج مئی کے پہلے ہفتہ میں متوقع تھے لیکن ایس ایس سی بورڈ نے ریکارڈ مدت میں کام مکمل کرلیا۔ چہارشنبہ کو نتائج جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سال ایس ایس سی بورڈ نے طلبہ کی سہولت کیلئے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے ۔ اب طلبہ اپنا رزلٹ اور میمو واٹس ایپ پر بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔ جن طلبہ نے اپنا ہال ٹکٹ واٹس ایپ کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کیا تھا۔ اس کے رجسٹرڈ موبائیل نمبر پر نتیجہ اور میمو خود بخود دیا جائے گا ۔ نتیجہ حاصل کرنے کیلئے طلبہ اپنے موبائیل میں یہ نمبر 5809680969 محفوظ کریں اور اس نمبر پر “Hi” لکھ کر میسیج بھیجیں۔ مینیو میں سے SSC Results کا انتخاب کریں۔ اپنا ہال ٹکٹ نمبر درج کریں اور فوری طور پر نتائج اپنے اسکرین پر حاصل کریں۔ ایس ایس سی بورڈ کے عہدیداروں نے کہا کہ ویب سائیٹ پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے واٹس ایپ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ طلبہ کو نتائج دیکھنے میں کوئی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ طلبہ بورڈ کی افیشل ویب سائیٹ پر بھی اپنے نتائج چیک کرسکتے ہیں۔2/k/i