اچانک ہلکی و زوردار بارش، آئندہ 72 گھنٹوں میں دوبارہ گرمی کی شدت میں اضافہ کا امکان
حیدرآباد۔27۔مئی ۔ (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں گذشتہ یوم ہونے والی رات بھر کی مسلسل بارش کے بعد دونوں شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور شہر کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 32ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا ۔ محکمہ موسمیات نے عیدالاضحی کے موقع پر بارشوں کی جو پیش قیاسی کی تھی اس کی خانگی ماہرین موسمیات نے نفی کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کے علاوہ شہر میں جاری گرمی کی شدید لہر کا 28 مئی سے دوبارہ آغاز ہونے جا رہاہے جو کہ 30مئی تک جاری رہے گاجبکہ دو یوم قبل محکمہ موسمیات نے 28مئی سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش قیاسی کی تھی۔ خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ جون کے پہلے ہفتہ کے دوران بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے اور ابتدائی ایام میں ہونے والی بارشوں کے بعد ہی گرمی سے راحت حاصل ہوسکتی ہے ۔ دونوں شہروں میں گذشتہ شب شروع ہوتے ہوئے صبح کی اولین ساعتوں تک جاری رہنے والی ہلکی اور تیز بارش کے نتیجہ میں 27 مئی کو شہر میں مطلع ابرآلود رہا اور دھوپ کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں ہوئی اس بارش کے نتیجہ میں گرمی سے 24 گھنٹے کے لئے راحت حاصل ہوئی ہے جبکہ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران گرمی کی شدت میں اچانک اضافہ کا امکان ظاہر کیا جار ہاہے۔ شہر کے علاوہ اطراف و اکناف کے اضلاع میں ہونے والی بارش کے نتیجہ میں محبوب نگر ‘ کلواکرتی ‘ وقارآباد‘ چیوڑلہ ‘ راجندر نگر ‘ رنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ ملکا جگری‘ شمس آباداور دیگر اضلاع میں ہوئی بارش کے نتیجہ میں گرمی کی لہر سے پریشان شہریوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ شب ہوئی بارش کے دوران سب سے زیادہ بارش محبوب نگر میں ریکارڈ کی گئی جہاں 112 ملی میٹر بارش ہوئی ۔شہر کے نواحی علاقہ ملکا جگری میں ہوئی بارش کے سلسلہ میں بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ 21 ملی میٹر بارش ملکا جگری میں ریکارڈ کی گئی جو سب سے کم رہی ۔ اس کے علاوہ عہدیداروں کے مطابق سدی پیٹ ‘ سنگاریڈی ‘ گجویل ‘ نارائن پیٹ ‘ میدک ‘ کاماریڈی ‘ ونپرتی ناگر کرنول ‘ گدوال ‘ نظام آباد میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ شیخ پیٹ‘ گولکنڈہ ‘ فلک نما ‘ کالا پتھر‘ بہادر پورہ‘ چندرائن گٹہ ‘ نامپلی ‘ خیریت آباد‘ سکندرآباد ‘ آصف نگر‘ عنبر پیٹ‘ کاچی گوڑہ ‘ کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی ہلکی اور تیز بار ش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا اور بارش کے ساتھ کئی علاقوں میں تیز ہوائیں ‘ گھن گرج اور بجلی کی چمک کا سلسلہ بھی مسلسل جاری رہا۔3