دْبئی ایکسپو 2020 ایک سال کیلئے ملتوی

,

   

کورونا وبا کے پیش نظر عالمی نمائش کا اکتوبر 2021 میں انعقاد

دْبئی۔30مئی( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ کئی سالوں سے دْنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی نمائش دْبئی ایکسپو 2020ء کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔ دْنیا بھر میں اس عالمی نمائش کے حوالے سے بہت دلچسپی ظاہر کی جا رہی تھی جو اس سال اکتوبر کے مہینے میں شروع ہونی تھی، تاہم ایکسپو کی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایکسپو دبئی2020 ء ایک سال کے لیے ملتوی کی جا رہی ہے۔یہ نمائش اب اکتوبر 2021 میں ہوگی۔ انتظامیہ کے مطابق نمائش کی اس سال منسوخی کا فیصلہ کورونا وائرس کی صورت حال کے باعث کیا گیا ہے۔ الامارات الیوم کے مطابق بین الاقوامی نمائشوں کے پیرس میں واقع ہیڈ کوارٹر میں دْبئی ایکسپو کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں شامل بارہ ممبران ممالک کی اکثریت نے اسے اگلے سال تک ملتوی کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ادارے کے سیکریٹری جنرل دیمتری ایس کیر کینٹیس نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ کورونا کے باعث دْبئی ایکسپو ایک سال کے لیے ملتوی کی جا رہی ہے۔ یہاں بتاتے چلیں کہ نمائش 2020ء اکتوبر میں شروع ہونا تھی اور اس کا دورانیہ چھے ماہ کا رکھا گیا تھا۔ اس سے متحدہ عرب امارات کے سیاحت کے شعبے اور معیشت کو ترقی ملے گی۔ ابتدائی جائزوں کے مطابق قریباً ڈھائی کروڑ افراددْنیا بھر سے اس نمائش کو دیکھنے کے لیے دبئی میں آئیں گے۔گزشتہ سال یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ اسرائیل بھی اس عالمی نمائش میں شرکت کرے گا۔ایکسپو 2020ء کے منتظمین کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس نمائش کے لیے دْنیا کے ہر مْلک کو دعوت دی گئی ہے، کیونکہ یہ حقیقی معنوں میں ایک انٹرنیشنل ایونٹ ہو گا۔ اسرائیل کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی تھی کہ اْن کے مْلک کو اس ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔