حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 6 نومبر سے شروع ہونے والی ذات پات پر مبنی مردم شماری کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے ضلعی سطح پر اس کام میں تعاون کے لئے ضلع کانگریس کمیٹی کو متحرک کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ضلع کانگریس کمیٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ کل 2 نومبر کو ضلعی سطح پر اجلاس منعقد کریں۔ اجلاس میں سیول سوسائٹی کے علاوہ مختلف طبقات کی تنظیموں کے نمائندوں سے مشاورت کی جائے۔ ذات پات پر مبنی مردم شماری کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے یہ اجلاس معاون ثابت ہوں گے۔ ضلعی سطح کے اجلاسوں میں ضلع کے وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ لوک سبھا اور اسمبلی الیکشن کے امیدوار، پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیدار، کارپوریشن کے صدورنشین، مارکٹ کمیٹیوں کے صدورنشین کے علاوہ سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ مہیش کمار گوڑ نے ضلع کانگریس کمیٹیوں کو اجلاسوں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے تاکہ مردم شماری کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جاسکے۔ 1