گورنر جشنو دیو ورما نے علاقہ کی تہذیب اور ثقافت کو سراہا، مختلف کلچرل پروگرام پیش کئے گئے
حیدرآباد ۔یکم۔نومبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکزی زیر انتظام علاقہ کے طور پر یوم تاسیس کا راج بھون میں اہتمام کیا۔ ایک بھارت سریشٹ بھارت کے عنوان کے تحت راج بھون میں یوم تاسیس تقاریب منائی گئی جس میں کشمیر کی تہذیب اور ثقافت کے نمونے پیش کئے گئے۔ گورنر جشنو دیو ورما نے وزیراعظم نریندر مودی کے اتحاد اور تہذیبی رابطے سے متعلق مساعی کو سراہا اور کہا کہ ایک بھارت سریشٹ بھارت کے ذریعہ وزیراعظم ملک کے اتحاد اور یکجہتی کے استحکام کے بارے میں کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس پروگرام کے نتیجہ میں مختلف تہذیبوں کو جاننے کا موقع ملے گا اور سیاحت ، اسپورٹس اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے تمام علاقوں کی مقامی تہذیب اور ثقافت کو فروغ دیا جارہا ہے جس کے ذریعہ علاقوں کے عوام کو ایک دوسرے سے قریب آنے میں مدد ملے گی۔ ملک کی شمالی ریاستوں کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ قومی اور بین الاقوامی سیاحت کے مراکز ہیں۔ علاقہ سے اپنی شخصی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہمالیہ میں قیام کے دوران انہوں نے علاقہ کی خوبصورتی اور تہذیب و ثقافت کو قریب سے دیکھا ہے۔ جموں و کشمیر اور لداخ کے نمائندوں نے راج بھون میں یوم تاسیس تقاریب کے اہتمام کی ستائش کی ۔ اس موقع پر مہمانوں کی ضیافت کشمیر اور لداخ کی روایتی ڈشیس کے ذریعہ کی گئی ۔ اس موقع پر کلچرل پروگرام پیش کیا گیا جس میں کشمیر اور لداخ کی روایتی تہذیب کی جھلک شامل تھی۔ تقریب میں گورنر کے پرنسپل سکریٹری بی وینکٹیشم ، بریگیڈیئر سنجے کلکرنی کمانڈر 47 انفنٹری بریگیڈ ، کرنل ابھیشک کمانڈنگ آفیسر 12 ویں بٹالین جموں و کشمیر لائیٹ انفنٹری اور جموں و کشمیر بٹالین کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1