راجہ سنگھ اور لڈو یادو کیخلاف مقدمہ درج

   


شوبھا یاترا کے موقع پر اشتعال انگیز تقاریر کا الزام

حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) رام نومی شوبھا یاترا کے موقع پر اشتعال انگیز تقریر کرنے اور عوام کو اُکسانے کے الزامات کے تحت شاہ عنایت گنج پولیس نے گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ 10اپریل کو راجہ سنگھ کی جانب سے شوبھا یاترا کا آغاز منگل ہاٹ سے کیا گیا تھا اور جب یہ ریالی بیگم بازار چھتری پہنچی تو راجہ سنگھ نے مبینہ طور پر ایک گیت گایا جس میں بھارت کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کی بات کہی گئی۔ اسی طرح کچھ ایسے الفاظ کا بھی استعمال کیا جس کے نتیجہ میں دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پھیلنے کا خدشہ ہے۔ از خود کارروائی کے تحت شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر جی راجیشور ریڈی نے راجہ سنگھ کے خلاف شکایت درج کروائی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 153(A) ، 295(A) ، 504، 505 کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں افضل گنج پولیس نے شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر سائی رام یادو عرف لڈو یادو کے خلاف بھی اشتعال انگیزی کا ایک مقدمہ درج کیا۔ رام نومی شوبھا یاترا کے دوران لڈو یادو نے مسلمانوں کے خلاف قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا اور عوام کو اُکسانے کی کوشش کی جس کے تحت پولیس نے از خود کارروائی کرتے ہوئے افضل گنج پولیس اسٹیشن کے ایڈیشنل انسپکٹر کے پروین کمار نے شکایت درج کروائی جس پر وہاں کے انسپکٹر ایم رویندر ریڈی نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ پولیس نے شوبھا یاترا کے دن ڈی جے کا استعمال کرنے پر بھاگیہ نگر اُتسو سمیتی کے صدر بھگونت راؤ کے خلاف سلطان بازار پولیس اسٹیشن میں دو علحدہ مقدمات درج کئے ہیں۔ب