عنقریب عمل آوری ، جوار اور مکئی کسانوں سے اقل ترین قیمت پر خریدی پر غور
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم میں انقلابی تبدیلیاں لانے جارہی ہے ۔ اب راشن کارڈ ہولڈرس کو صرف چاول ہی نہیں بلکہ غذائیت سے بھر پور جوار بھی فراہم کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ حکومت کا مقصد عوام میں غذائیت کی کمی کو دور کرنا اور صحت بخش چھوٹے اناج (Millets) کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ مارکفیڈ کے ذریعہ خریدی گئی جوار اور مکئی کو براہ راست راشن کی دکانوں کے ذریعے عوام تک پہونچایا جائے ۔ سرکاری ریسیڈنشیل تعلیمی اداروں اور سوشیل ویلفیر ہاسٹلس کے طلبہ کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے وہاں بھی جوار سے تیار کردہ (Fortified) کھانا فراہم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ جوار تقسیم کی یہ پالیسی ریاست بھر میں بہت جلد نافذ العمل ہوجائے گی ۔ مرکز کے تعاون کے بغیر جوار اور مکئی کی خریداری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ساتھ ہی حکومت نے اقل ترین امدادی قیمت (MSP) پر فصل خریدے گی ۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تعاون نہ ملنے کے باوجود ریاستی حکومت اپنے فنڈس سے جوار اور مکئی کی خریداری کرے گی ۔ کسانوں کو مناسب قیمت فراہم کرنے اور انہیں معاشی نقصان سے بچانے کے لیے کابینی کی سب کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔۔ 2/m/b