راہول گاندھی کا 5 مئی کو نرمل میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب

   

آئندہ ہفتہ پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی مہم، 40 رکنی اسٹار کیمپنرس کو قطعیت
حیدرآباد: یکم مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے قومی قائدین کی انتخابی مہم کا آئندہ ہفتے آغاز ہوگا۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے لیے 40 پارٹی اسٹار کمپینرس کی فہرست جاری کی ہے۔ اے آئی سی سی کے سابق صدر راہول گاندھی 5 مئی کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور نرمل میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد سے راہول گاندھی کا یہ دوسرا دورۂ تلنگانہ ہے۔ انہوں نے 6 اپریل کو شہر کے مضافاتی علاقوں تکوگوڑہ میں جناجاتر جلسہ عام سے خطاب کیا تھا جہاں کانگریس پارٹی کا قومی انتخابی مشنور جاری کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تیسرے مرحلہ کی انتخابی مہم کے 5 مئی کو اختتام کے بعد راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ کانگریس نے جن 40 اسٹار کمپینرس کی فہرست جاری کی ہے ان میں قومی قائدین کے علاوہ چیف منسٹر ریونت ریڈی، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال، تلنگانہ انچارج دیپا داس منشی، چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا، ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیواکمار، سابق چیف منسٹر راجستھان سچن پائلٹ شامل ہیں۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزراء بھٹی وکرامارکا، اتم کمار ریڈی، دامودھر راج نرسمہا، ڈی سریدھر بابو، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ڈی انوسویا سیتاکا، پونم پربھاکر، کونڈا سریکھا، ٹی ناگیشور رائو، پی سرینواس ریڈی اور جوپلی کرشنا رائو کے نام شامل کئے گئے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ اور دیگر سینئر قائدین میں عمران پرتاپ گڑھی، رینوکا چودھری، انیل کمار یادو، وجئے شانتی، محمد اظہر الدین، مدھو یاشکی گوڑ، مہیش کمار گوڑ، جگاریڈی، وی ہنمنت رائو، کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، سمپت کمار، سدرشن ریڈی، کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی، راملو نائک، سری ہری اور اے دیاکر کو اسٹار کیمپنرس کی فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔1