چنئی، 5 اکتوبر (آئی اے این ایس) سوپر اسٹار رجنی کانت کی آنے والی ایکشن فلم ’جیلر 2‘ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ نیلسن دلیپ کمار کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں رجنی کانت ایک بار پھر ٹائیگر موتھوویل پانڈیان کے کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کے پروڈیوسر سن پکچرز نے سوشل میڈیا پر ٹریلر شیئرکرتے ہوئے لکھا ٹائیگر موتھوویل پانڈیان واپس آگیا ہے اور شکار شروع ہوچکا ہے۔ٹریلر کی ابتدا سورج وینجاراموڈوکے کردار کی جانب سے ایک شخص سے پوچھ گچھ سے ہوتی ہے، جسے اس نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ اس کے بعد کہانی میں کئی خطرناک کردار سامنے آتے ہیں جو یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ پس پردہ اصل میں کون ہے۔ اسی دوران رجنی کانت کی ٹائیگر موتھوویل پانڈیان کے روپ میں دھماکہ خیز انٹری ہوتی ہے۔ ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ وہ دشمنوں کی سرگرمیوں کا سراغ لگانے کے لیے ڈرائیور کا بھیس اختیارکرکے خود کو منظر سے دورکرلیتا ہے۔ ٹریلر میں رجنی کانت کے کردارکو دشمنوں پر سنائپرزکے ذریعہ حملہ کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے، جبکہ ایس جے سوریہ کا کردار بھی جوابی کارروائی کی دھمکی دیتا ہے۔رجنی کانت اور ودیا بالن کے کرداروں کے درمیان ایک دلچسپ مکالمہ بھی ٹریلرکا حصہ ہے، جہاں چائے یا کافی کی پیشکش پر دونوں کے درمیان ہلکی پھلکی گفتگو ہوتی ہے۔فلم میں ’کلپکس‘ نامی خطرناک گروہ کا بھی ذکر ہے، جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کسی کو زندہ نہیں چھوڑتا۔ ٹائیگر موتھوویل پانڈیان اس دھمکی پر مسکراتے ہوئے کہتے ہیں، اچھا، مجھے معلوم نہیں تھا۔ چلو، دیکھتے ہیں۔اس کے بعد وہ کلپکس کو خبردار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ پہلے زمانے میں دشمنوں کو خوف زدہ کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کیے جاتے تھے، لیکن اب اپنے تمام دشمنوں کو ایک جگہ جمع کرکے اسی جگہ بمباری کرنا نیا طریقہ ہے۔’جیلر 2‘ دنیا بھر کے سنیما گھروں میں 15 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم کے اعلان کے بعد سے ہی رجنی کانت کے مداحوں میں اس کے حوالے سے زبردست جوش پایا جاتا ہے۔