کیف،11جولائی (یو این آئی) یوکرین نے کہا کہ آج روسی میزائل حملوں میں کیف کے چھ افراد زخمی ہو گئے ، جبکہ ماسکو نے یوکرین کے دارالحکومت پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ ماسکو فروری 2022 میں اپنی فوجی کارروائی شروع کرنے کے بعد سے تقریباً روزانہ کیف پر میزائلوں اور ڈراونز سے حملے کر رہا ہے ۔تاہم حال ہی میں درجنوں انتہائی تیز بالسٹک میزائلوں کے ایک سلسلے نے یوکرین کے فضائی دفاع کے نظام کو شدید چیلنج کیا ہے ۔ کیف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور ٹکاچنکو نے ٹیلی گرام پر لکھا ہے کہ”دارالحکومت میں زخمیوں کی تعداد چھ ہے ۔ ٹکاچنکو نے پہلے تصدیق کی کہ روس دارالحکومت پر میزائلوں سے حملہ کر رہا ہے اور عوام سے پناہ لینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ تین افراد کو ہسپتال میں اور تین افراد کو جائے وقوع پر طبی امداد دی گئی، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ اے ایف پی نے کیف میں ہفتے کی صبح سویرے دو دھماکوں کی آوازیں سنی، پہلے دھماکے کے چند منٹ بعد فضائی الرٹ کی سائرن بجی۔ یہ دیر سے آنے والی وارننگ اسی ہفتے کے ایک روسی حملے کی یاد دلاتی تھی، جب کیف کے آسمان پر ایک میزائل کے دھماکے کی گونج نے کہ شہر کے ایئر الرٹ سائرنز بجنے سے قبل ہی سوتے ہوئے عوام کو جھنجھوڑ دیا تھا۔