رکن راجیہ سبھا اشوک متل کے 9ٹھکانوں پرای ڈی کے چھاپے

   

جالندھر، 15 اپریل (یو این آئی) پنجاب سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے راجیہ سبھا ممبر اشوک متل کے تقریباً نو ٹھکانوں پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چھاپے مارے ہیں۔ای ڈی کی ٹیمیں چہارشنبہ کی صبح نو بجے جالندھر میں راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ متل کے گھر اور یونیورسٹی سمیت دیگر ٹھکانوں پر پہنچیں۔ فی الحال تلاشی اور جانچ کا عمل جاری ہے ۔ ان کے گھر کے باہر پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے اور متل اس وقت اپنے جالندھر واقع گھر میں موجود ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ تقریباً 12 دن پہلے عآپ نے ممبر پارلیمنٹ راگھو چڈھا کو راجیہ سبھا کے نائب لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا، جس کے بعد متل کو نائب لیڈر مقرر کیا گیا۔
مسٹر متل پنجاب کی لولی پروفیشنل یونیورسٹی کے بانی اور چانسلر ہیں۔ وہ 2022 میں راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے ۔
اطلاعات کے مطابق، ای ڈی کی دہلی ٹیم نے یہ چھاپے مارے ہیں۔ یہ کارروائی فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق ایک کیس میں کی جا رہی ہے ۔ یہ چھاپہ لولی پروفیشنل یونیورسٹی، لولی آٹوز، لولی سویٹس اور لولی ڈسٹنس ایجوکیشن سینٹر سمیت کئی مقامات پر جاری ہے ۔
مسٹر متل کے علاوہ ان کے بھائیوں رمیش متل اور نریش متل کے رہائشی اور کاروباری مراکز پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے ۔