ریاست کے 7 خانگی میڈیکل کالجس میں بی اور سی زمرے کی فیس میں اضافہ

   

اے ایف آر سی کی سفارش کو حکومت کی منظوری، احکامات کی اجرائی، جاریہ سال سے عمل آوری
حیدرآباد ۔ 12 فبروری (سیاست نیوز) ریاست کے 7 خانگی میڈیکل کالجس میں بی اور سی زمرے کی ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کوٹہ کی نشستوں کی فیس میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ان خانگی میڈیکل کالجس نے اپنے اخراجات میں اضافہ ہوجانے کی ایڈیٹنگ رپورٹس پیش کی جس کا جائزہ لینے کے بعد ایڈمیشنس اینڈ فیس ریگولیٹری کمیٹی (AFRC) نے خانگی میڈیکل کالجس کو فیس میں اضافہ کرنے کی منظوری دی ہے۔ ان تجاویز کو حکومت سے رجوع کرنے پر محکمہ صحت کے سکریٹری نے فیس میں اضافہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ماباقی دیگر میڈیکل کالجس کی فیس جوں کا توں برقرار رہے گی۔ اضافہ شدہ فیس پر جاریہ طبی تعلیمی سال سے عمل آوری ہوگی۔ فی الحال خانگی میڈیکل کالجس میں کنوینر کوٹہ کی نشستوں پر سالانہ 60 ہزار روپئے وصول کیا جارہا ہے جس پر جاریہ سال بھی جوں کی توں عمل آوری ہوگی۔ ماضی میں مینجمنٹ کوٹہ کے تحت بی زمرہ میں اور این آر آئی کوٹہ میں 11.55 لاکھ روپئے تک سالانہ وصول کی جارہی تھی۔ اب اس میں دوگنا اضافہ یعنی 23.10 لاکھ روپئے تک وصول کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ ڈینٹل کی سالانہ فیس 4.20 لاکھ روپئے تھی۔ اس میں بھی چند کالجس کی جانب سے اضافہ کردیا گیا ہے۔ اب بی اور سی زمرہ میں 1.25 گنا اضافہ فیس وصول کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ محکمہ صحت نے کالج انتظامیہ کو کیپٹشن وصول نہ کرنے کی ہدایت ہے۔ چلمڈی آنند راؤ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس، کامینینی اکیڈیمی، کامینینی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس، ایم این آر میڈیکل کالجس میں بی زمرے کی فیس میں 13 لاکھ روپئے کا اضافہ کیا گیا۔ ان کالجس میں سی زمرے کیلئے سالانہ فیس 26 لاکھ روپئے تک پہنچ گئی ہے۔ اپولو، ملاریڈی، ایس وی ایس میڈیکل کالجس میں بی زمرے کی فیس 12.50 لاکھ روپئے اور سی زمرے کی سالانہ فیس 25 لاکھ روپئے ادا کرنی ہوں گی۔ بی ڈی ایس بی زمرے کی نشست فی الحال 4.20 لاکھ روپئے ہے جس کی ایم این آر کالج، پانینا مہا ودیالایہ ڈینٹل کالجس میں 5 لاکھ روپئے کیا گیا ہے۔ن