قیامگاہ کی ناکہ بندی، کمزور دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا الزام
چیف منسٹر آسام کیخلاف صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کی نئی شکایت حوالے
حیدرآباد۔/16 فروری، ( سیاست نیوز) راہول گاندھی کے خلاف چیف منسٹر آسام کے اہانت آمیز ریمارکس کے خلاف تلنگانہ میں مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس نے آج ریاست گیر سطح پر پولیس کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے دفاتر کے گھیراؤ کا اعلان کیا تھا۔ پولیس نے احتجاج کو روکنے کیلئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کو گھروں پر محروس کردیا اور احتجاج کی اجازت نہیں دی۔ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی پارٹی قائدین کو احتیاطی طور پر مکانات پر محروس رکھا گیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیامگاہ کو صبح سے ہی پولیس نے گھیر لیا تھا اور بیریکیٹس نصب کردیئے گئے تاکہ باہر نکل نہ سکیں۔ ریونت ریڈی نے وہاں تعینات پولیس عہدیداروں سے بات چیت کی اور کہا کہ جمہوری انداز میں احتجاج سے روکنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کو چیف منسٹر آسام کے خلاف ایک نئی شکایت حوالے کی اور سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں جن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ انتہائی کمزور ہے۔ انہوں نے سنگین دفعات کے تحت دوبارہ ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پولیس نے حکومت کے اشارہ پر کمزور کیس بنایا ہے تاکہ بی جے پی کو مطمئن کیا جاسکے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ لاکھوں بے روزگار طلبہ گزشتہ 8 برسوں سے روزگار کے انتظار میں ہیں ایسے میں کے سی آر کا سالگرہ تقاریب منانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالگرہ کے موقع پر چیف منسٹر کو چاہیئے کہ وہ ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ 17 فروری کو کانگریس کی جانب سے ریاست بھر میں گدھے کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے احتجاج درج کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے بی جے پی کے خلاف بیانات دراصل میچ فکسنگ کا نتیجہ ہے۔ تیسرے محاذ کی تیاریاں دراصل کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔ کے سی آر نے کانگریس کو کمزور کرنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی سے سپاری حاصل کی ہے۔ انہوں نے کے سی آر کو سپاری گینگ لیڈر قرار دیا اور کہا کہ یو پی اے میں پھوٹ پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ پولیس نے حیدرآباد اور اضلاع میں جن قائدین کو نظربند کیا ان میں رکن کونسل جیون ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ڈاکٹر ملو روی، سمپت کمار، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، ڈاکٹر شراون، پونالہ لکشمیا کے علاوہ حیدرآباد میں کانگریس کے اقلیتی قائدین شامل ہیں ۔ر