ریونت ریڈی تلنگانہ اور حیدرآباد کے مسلمانوں سے معافی مانگیں

   

مسلمانوں نے نہیں بلکہ کانگریس کے تین مسلم امیدواروں کو خود کانگریس نے ہرایا ۔ ایم اے ذیشان
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے مسلمانوں کو لے کر دئے گئے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بی آر ایس پارٹی کے سینئر لیڈر(ایم اے ذیشان) نے کہاکہ محمد علی شبیر‘ اظہر الدین اورفیروز خان کی شکست میں مسلمانوں کا نہیں بلکہ خود ریونت ریڈی اور کانگریس کا رول رہا ہے۔ ایم اے ذیشان نے کہاکہ نہ صرف مسلم اکثریتی والے حلقوں بلکہ جہاں پر مسلمانوں کی آبادی بیس سے تیس فیصد کی ہے وہاں پر کانگریس پارٹی کے غیر مسلم امیدواروں کو بھی مسلمانوں نے ووٹ دیکر کامیاب کیا ہے۔ ایم اے ذیشان نے پوچھا کہ کیوں محمد علی شبیر کا حلقہ بدلا گیا۔ کس کے کہنے پر جوبلی ہلز کے بائی الیکشن میں اظہر الدین کو دوبارہ امیدوار نہیں بنایاگیا۔ فیروز خان کی انتخابی مہم میں راہول گاندھی کی شرکت کے باوجو دنامپلی کا کانگریس کیڈر فیروز خان کے الیکشن میں وہ مستعدی نہیں دیکھا جس طرح کی توقع کی جارہی تھی۔ ایم اے ذیشان نے ریونت ریڈی کے پرانے شہر میں برقی چوری کرنے کی بات کو بھی قابل مذمت قراردیتے ہوئے کہاکہ چندرا بابو نائیڈو نے بھی پرانے شہر میں برقی چوری کی بات کہی تھی او رآج وہ تلنگانہ میں تاریخ کے اوراق میں گم ہوگئے ہیں۔ تلگودیشم کا تلنگانہ میں کبھی دوبارہ زندہ ممکن ہی نہیں ہے۔ ایم اے ذیشان نے کہاکہ خود چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حالات کا اندازہ کرکے تلگودیشم چھوڑی اورپھر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ایم اے ذیشان نے کہاکہ ریونت ریڈی کو تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کے مسلمانوں سے معافی مانگنا چاہئے۔