زمینی ریکارڈ میں شفافیت حکومت کا بنیادی مقصد

   

بھوبھارتی پورٹل کی عوام کو تیز رفتار خدمات فراہم کریں : کلکٹر
ناگرکرنول۔6اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے زمینی انتظامیہ میں اصلاحات کے تحت نافذ کیے گئے بھوبھارتی پورٹل کے ذریعے عوام کو زمین سے متعلق خدمات تیز رفتاری، شفافیت اور جوابدہی کے ساتھ فراہم کرنے کیلئے ریونیو محکمہ کے عملے کو مؤثر انداز میں کام کرنا چاہیے۔ یہ ہدایت ضلع ناگر کرنول کے کلکٹر ہیمنت کیشو پاٹل نے دی۔ناگر کرنول کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ضلع کلکٹر ہیمنت کیشو پاٹل کی صدارت میں ضلع کے تمام تحصیلدار اور آر ڈی او دفاتر میں خدمات انجام دینے والے ریونیو جونیئر اسسٹنٹس کیلئے بھوبھارتی پورٹل کے استعمال، بھوبھارتی قانون، آن لائن درخواستوں کی جانچ اور ان کے تصفیہ کے طریقہ کار پر ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ حکومت نے زمینی ریکارڈ میں شفافیت بڑھانے، عوام کو دفاتر کے چکر لگانے سے بچانے، بروقت خدمات فراہم کرنے اور زمینی تنازعات میں کمی لانے کے مقصد سے بھوبھارتی پورٹل متعارف کرایا ہے۔ ان مقاصد کی تکمیل میں ریونیو محکمہ کے عملے کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ اگر بھوبھارتی پورٹل سے متعلق کسی بھی قسم کا شبہ یا مسئلہ پیش آئے تو متعلقہ افسران سے فوری رہنمائی حاصل کریں اور مکمل ذمہ داری کے ساتھ کام کریں، کسی بھی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں زمینی انتظامیہ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اس نوعیت کی تربیتی ورکشاپس نہایت اہم ہیں اور بھوبھارتی پورٹل پر مکمل مہارت حاصل کرنے سے زمین سے متعلق درخواستوں کا جلد تصفیہ ممکن ہوگا، جس سے عوام کا حکومت پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔آر ڈی او بنسی لال نے بھی تربیتی پروگرام میں ریونیو امور، بھوبھارتی درخواستوں کے تصفیہ کے طریقہ کار اور زمینی ریکارڈ کی تاریخ سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔اس تربیتی پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر چنّیا، ٹرینی ڈپٹی کلکٹرس اشوک اور ہرش وردھن، آر ڈی او بنسی لال، کلکٹریٹ اے او چندر شیکھر، ریونیو محکمہ کے افسران، ریونیو ڈویژنل افسران اور ضلع بھر کے تحصیلدار دفاتر میں خدمات انجام دینے والے ریونیو جونیئر اسسٹنٹس نے شرکت کی۔