سارے تلنگانہ میں خون منجمد کردینے والی سردی ’ درجہ حرارت4.6 ڈگری تک گرگیا

   


اضلاع میں کوہیر اور سنگا ریڈی سرد ترین مقام ۔ شمس آباد میں درجہ حرارت 6.6 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا

حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں درجہ حرارت 5ڈگری سیلسیس سے بھی نیچے گر گیا اور موسم کی سردترین رات کے دوران سنگاریڈی و کوہیر میں سب سے زیادہ سردی ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت 4.6 ریکارڈ کیا گیا ۔اس کے علاوہ رنگاریڈی اور وقار آباد کے مختلف علاقو ںمیں درجہ حرارت 5ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے ان علاقوں میں شدید سردی کی لہر محسوس کی جاتی رہی ہے۔شہریان حیدرآباد کو صبح کی اولین ساعتوں میں خون منجمد کرنے والی سردی کا سامنا رہا اور شہر کے کئی علاقوں میں کہر کے سبب ماحول دھند آلود نظر آرہا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ میں 8اور9 جنوری کی درمیانی شب جاریہ سال کی سرد ترین رات رہی اور شہر کے نواحی علاقوں شمس آباد میں سب سے کم درجہ حرارت 6.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ شیورام پلی میں 7.8 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح سب سے زیادہ درجہ حرارت چارمینار علاقہ میں ریکارڈ کیا گیا جہاں صبح کی اولین ساعتوں میں 13.8ڈگری درجہ حرارت رہا۔ گذشتہ شب کڑاکے کی سردی کے سبب شہر کے بیشتر شادی خانوں میں تقاریب میں مہمانوں کی تعداد کم دیکھی گئی اور صبح کی اولین ساعتوں میں ائیر پورٹ پہنچنے والوں کو بھی سردی کا شدید احساس ہوا۔ محکمہ موسمیات سے تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں عنبر الرٹ جاری کردیا گیا اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ 5تک موسم کی یہی صورتحال برقرار رہے گی ۔ماریڈپلی ‘ ناگول ‘ راجندر نگر ‘ بہادر پورہ‘ بالا نگر ‘ گولکنڈہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ عطا پور سے راجندنگر جانے والی سڑک کے علاوہ مہدی پٹنم اور بہادر پورہ کے علاقوں میں کھلی اراضیات اور درختوں کے سبب سردی کی لہر میں اضافہ دیکھا گیا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہا گیا کہ آئندہ 5یوم میں بھی ریاست میں راتیں سرد ہوں گی اور شہریوں کو سردی کی لہر سے محفوظ رہنے اقدامات کرنے چاہئے ۔خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 5یوم کے دوران بھی کئی اضلاع میں درجہ حرارت 5ڈگری سے کم ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے ۔