گلبرگہ 26 جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کرناٹک اسٹیٹ بورڈ آف اوقاف کے چیئرمین ڈاکٹر حافظ سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒنے گلبرگہ کے یتیم خانہ، انجمن انصارُالصُفہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وقف ادارہ کی انتظامیہ، کارکردگی اور فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔اس دورہ کے دوران ڈاکٹر الحسینی نے یتیم خانے کے ACF ایڈمنسٹریٹر محمد مجیب الدین اور گلبرگہ وقف آفیسر پرویز عالم کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ادارہ کی روزمرہ انتظامیہ، وقف املاک کے انتظام، تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں اور یتیم بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا۔اپنے معائنہ کے دوران چیئرمین کرناٹک وقف بورڈنے طلبہ، انتظامی افسران اور یتیم خانہ گلبرگہ کے عملہ سے بھی ملاقات کی۔ ان کی ضروریات سے آگاہی حاصل کی اور ادارہ کے انتظام و انصرام کے بارے میں ان کی آراء اور تجاویز معلوم کیں۔ بعد ازاں انہوں نے یتیم خانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاںرہائش، تعلیم، طعام اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا جو وہاں مقیم بچوں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈاکٹر الحسینی نے یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے انتظامیہ اورعملہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ وہ قابلِ تحسین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے وقف اداروں کی انتظامیہ میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر نگہداشت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ کرناٹک اسٹیٹ بورڈ آف اوقاف یتیم اور ضرورت مند بچوں کے لیے تعلیمی مواقع اور مجموعی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے والی ہر مثبت پہل کی آئندہ بھی بھرپور حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔