سدی پیٹ کو جنوبی ہند میںکلین سٹی میں پہلا مقام

   

حیدرآباد۔/14 جنوری، ( سیاست نیوز) سابق وزیر فینانس ہریش راؤ نے آج سنکرانتی کے موقع پر سدی پیٹ میں صفائی عملے میں ملبوسات تقسیم کرتے ہوئے سدی پیٹ کو صاف ستھرے شہر کا اعزاز دلانے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند میں سدی پیٹ کو کلین سٹی کا ایوارڈ حاصل ہوا ہے جس کے لئے میونسپل کارپوریشن کے ورکرس قابل مبارکباد ہیں۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ کو ایوارڈ عوام کیلئے فخر کا باعث ہے۔ ملک کی 4474 میونسپلٹیز میں کلین سٹی کے طور پر سدی پیٹ کو 9 واں اور جنوبی ہند کے میونسپلٹیز میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل ورکرس اور عوام کی محنت اور تعاون کے نتیجہ میں یہ ایوارڈ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھی میونسپل ورکرس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیئے۔ قومی سطح پر سدی پیٹ کی شناخت بنی ہے۔ سدی پیٹ کو تاحال قومی سطح کے 23 ایوارڈز حاصل ہوچکے ہیں۔1