سرسلہ کی ایک فرنیچر کی دوکان میں ہولناک آتشزدگی

   

ایک مزدور زندہ جل کر ہلاک، 40 لاکھ روپئے مالی نقصان کا اندیشہ
گمبھی راوپیٹ، سرسلہ ۔ 18 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرسلہ اربن حدود کے پیدور میں منگل کی صبح ایک ہولناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ پیدور میں واقع مہالکشمی فرنیچر شاپ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دوکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شدید آگ کے باعث دوکان میں موجود فرنیچر اور دیگر سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔اس حادثے میں دوکان میں کام کرنے والا ایک 21 سالہ مزدور زندہ جل کر ہلاک ہوگیا۔ متوفی کی شناخت اُترپردیش کے رہنے والے محمد اسلام کے طور پر کی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے وقت دوکان میں اُترپردیش سے تعلق رکھنے والے چار مزدور سو رہے تھے۔ آگ اچانک بھڑکنے کے باعث محمد اسلام آگ میں پھنس گیا اور موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر مزدوروں کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ محفوظ طور پر باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شدید آتشزدگی کے نتیجے میں دوکان میں موجود فرنیچر اور دیگر سامان مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دوکان میں تقریباً 40 لاکھ روپئے مالیت کا سامان موجود تھا۔ واقعہ کی اطلاع پر متعلقہ حکام نے موقع کا معائنہ کیا۔ آگ لگنے کی اصل وجہ اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا مکمل اندازہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔