سوشیل میڈیا کے انفلونسرس سے سماجی ذمہ داری میں شراکت دار بننے ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی کی خواہش
نظام آباد ۔11 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا ترپاٹھی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے نافذ کی جارہی اسکیمات سے مستحق افراد کو مستفید کروانے میں سوشل میڈیا انفلونسرس اہم کردار ادا کریں اور اپنی سماجی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ان اسکیمات کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں عوام تک معلومات کی تیز رفتار ترسیل میں سوشل میڈیا کلیدی حیثیت اختیار کرچکا ہے اسی لئے انفلونسرس کو بھی حکومتی پروگراموں کی کامیابی میں شراکت دار بننا چاہئے ۔ ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے ’’پراجا پالنا ۔ پرگتی پرنالیکا‘‘ کے تحت 99 روزہ ایکشن پلان کے سلسلہ میں منعقدہ پروگراموں کو عوام تک پہنچانے کے مقصد سے کے روز مربوط ضلع دفاتر کے احاطہ میں سوشل میڈیا انفلونسرس کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کیا جس میں انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب سے وابستہ بڑی تعداد میں فالوورز رکھنے والے نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت انسانی ہمدردی اور سائنسی نقطہ نظر کے تحت کئی فلاحی اسکیمات نافذ کر رہی ہے جن میں اندراما ہاؤسنگ، باریک چاول کی فراہمی، خواتین کے لئے مفت بس سفر، 200 یونٹس تک مفت برقی، سبسیڈی پر گیس سلنڈر، بلا سود قرض، کسان قرض
معافی اور رعیتو بھروسہ جیسی اسکیمات شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ تعلیمی سال سے انٹرمیڈیٹ تک طلبہ کے لئے دوپہر کے کھانے کی اسکیم نافذ کی جائے گی اور سرکاری اسکولوں میں ناشتہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ضلع کلکٹر نے انفلونسرس کو ہدایت دی کہ وہ ان تمام اسکیمات سے متعلق عوام میں شعور بیدار کریں اور 13اپریل کو گرام سبھاؤں اور 16 اپریل کو منڈل سطح کے پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے عوام کو متحرک کریں۔ انہوں نے ’’ارائیو۔الائیو‘‘ پروگرام کے ذریعہ سڑک حادثات کی روک تھام میں بھی تعاون کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ حکومتی پروگراموں میں حصہ لینے والے سوشل میڈیا کارکنوں کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے مناسب شناخت فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر دلیپ کمار، ضلع پنچایت عہدیدار سرینواس راؤ، ڈی ای او اشوک، ڈی ایس او سرینتھ ریڈی اور ڈی پی آر او پدماشری کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔