نئی دہلی 16اگست (آئی اے این ایس) بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو پیر کو نئی دہلی میں شروع ہونے والی بی ڈبلیو ایف ورلڈ چمپئن شپ 2026 میں جاپان اوپن کی فتح سے ملنے والے اعتماد اور ہوم گراؤنڈ پرکھیلنے کے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ سندھو اس بار سات سال کے طویل انتظارکو ختم کرتے ہوئے ایک اور عالمی میڈل اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔2019 میں ورلڈ چمپئن شپ کا گولڈ میڈل جیتنے والی سندھو، جو اس ایونٹ میں اب تک مجموعی طور پر پانچ میڈلز (دو سلور اور دو برونز) حاصل کرچکی ہیں، نے اتوارکو اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان اوپن کی فتح نے انہیں اس اہم ایونٹ سے قبل نیا حوصلہ بخشا ہے۔