سنگاریڈی میں پاسپورٹ سیواکیندر کا قیام ضروری

   

رکن پارلیمنٹ میدک رگھونندن راؤ کا ریجنل آفیسر سکندرآباد کو مکتوب

سنگاریڈی 21 جون( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رگھونندن راؤ رکن پارلیمنٹ میدک نے سنگاریڈی ضلع ہیڈکوارٹر میں پاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام کے لیے ریجنل پاسپورٹ افسر، سکندرآباد کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں بتایا کہ سماجی تنظیم “سدبھاونا فورم” کی جانب سے ضلع میں پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کرنے کی درخواست موصول ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع سنگاریڈی کے عوام کو پاسپورٹ سے متعلق خدمات کے حصول کے لیے میدک اور وقارآباد کے پاسپورٹ دفاتر کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے عوام کو طویل سفر اور مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خصوصاً بزرگ شہری، خواتین اور طلبہ اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔رکنِ پارلیمنٹ نے نشاندہی کی کہ سنگاریڈی ایک اہم ضلعی مرکز ہے اور یہاں پاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام سے نہ صرف ضلع بلکہ اطراف کے علاقوں کے عوام کو بھی بڑی سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے پاسپورٹ حکام سے اپیل کی کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع ہیڈکوارٹر میں پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور ضروری اقدامات کیے جائیں۔عوامی حلقوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سنگاریڈی میں پاسپورٹ خدمات کی فراہمی مزید آسان، تیز اور مؤثر بنائی جائے گی۔