سڑک حادثات میں چار افراد کی موت

   

حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد فوت ہوگئے۔ بالا پور پولیس کے مطابق 48 سالہ محمد حمید جو ملا پور ضلع رنگاریڈی علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے چوکیدار بتایا گیا ہے جو موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ وائی جنکشن بالا پور میں تیز رفتار آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ چارمینار پولیس کے مطابق ایک ضعیف 71 سالہ شخص سپنا چاری جو گلبرگہ کا متوطن تھا پیٹلہ برج پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔ یہ شخص کیاب میں سفر کررہا تھا کہ کیاب برقی پول سے ٹکرا گئی اس حادثہ میں ڈرائیوربھی زخمی ہوگیا۔ چاری گلبرگہ سے راجندر نگر اپنے رشتہ دار کی تقریب میں آیا تھا۔ ملکاجگری پولیس کے مطابق 24 سالہ شخص ناگراجو جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا ملکاجگری علاقہ کے ساکن ملیش کا بیٹا بتایا گیا یہ شخص آج صبح آٹو میں جارہا تھا کہ آٹو برقی پول سے ٹکراکر حادثہ کا شکار ہوگیا۔ اور اس حادثہ میں راجو برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ پوچم پلی پولیس کے مطابق 20 سالہ شیوا کرشنا جو پیشہ سے کارپینٹر تھا پوچم پلی علاقہ میں رہتا تھا 26 جون کو یہ شخص اس کے ساتھی اوپیندر کے ساتھ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سیکل حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں کرشنا علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔