15 نومبر کو نمائش میدان پر وشال دیوان کا اہتمام
حیدرآباد۔/12 نومبر، ( سیاست نیوز) گرونانک کے یوم پیدائش کے ضمن میں حیدرآباد کی سکھ تنظیموں اور گردواروں کی جانب سے 555 ویں پرکاش اُتسو تقاریب کا آغاز کیا گیا۔ گردوارہ صاحب سکندرآباد کی جانب سے نگر کیرتن مقدس جلوس نکالا گیا۔ گردوارہ سے یہ جلوس سکندرآباد کے مختلف علاقوں سے گذرتا ہوا گردوارہ واپس ہوا۔ گردوارہ صاحب پربندھک کمیٹی کے صدر سردار بلدیو سنگھ بگا، جنرل سکریٹری سردار جگموہن سنگھ اور ہرپریت سنگھ گلاٹھی کی نگرانی میں نگر کیرتن جلوس کا اہتمام کیا گیا جس میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پنجاب اور حیدرآباد کے نوجوانوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ پنجاب اور حیدرآباد کے مختلف جتھوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ہتھیاروں جیسے کرپان اور تلوار کے کرتب کے مظاہرے پیش کئے۔ وشال دیوان کا 15 نومبر کو نمائش میدان پر انعقاد عمل میں آئے گا۔ صبح 10:30 تا شام 4 بجے وشال دیوان میں 25 تا 30 ہزار سکھ عقیدت مند شرکت کریں گے۔ 14 نومبر کی رات کیرتن دربار گردوارہ صاحب سکندرآباد میں منعقد ہوگا۔1