سیف اینڈ اسمارٹ سٹی کے دعوی کی قلعی کھل گئی

   


دونوں شہروں میں نصب 40 فیصد سی سی کیمرے ناکارہ
حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد شہر سیف اینڈ اسمارٹ ہونے کا دعویٰ کرنے والی پولیس نے انکشاف کیا کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں نصب 40 فیصد کیمرے ناکارہ ہیں۔ سٹی پولیس نے آر ٹی اے کے تحت داخل درخواست کے جواب میں یہ کہا ہے کہ شہر میں 10,597 کیمرے نصب کئے گئے تھے جن میں 4402 کیمرے ناکارہ ہیں۔ مزید تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ 30 دن کی ریکارڈنگ محفوظ رکھنے والے کیمرے تلنگانہ پبلک سیفٹی میزرس انفورسمنٹ ایکٹ 2013 ء کے تحت نصب کئے گئے تھے اور دونوں شہروں کے مختلف پولیس اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمرے ناکارہ ہیں۔ گزشتہ سال اگست تک کئی کیمرے ناکارہ رہے اور پولیس کو اس سے دشواری پیش آرہی ہیں۔ کئی سی سی ٹی وی کیمرے عدم نگہداشت سے ناکارہ ہوچکے ہیں۔ پولیس نے آر ٹی آئی کے جواب میں میں مختلف پولیس اسٹیشنس میں ناکارہ کیمروں کی فہرست جاری کی ہے جن میں جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن سرفہرست ہے چونکہ اس پولیس اسٹیشن حدود میں نصب 363 کیمرے ناکارہ ہیں جبکہ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں 310 ، کاچیگوڑہ میں 163 ، مشیرآباد میں 105 ، عثمانیہ یونیورسٹی میں 118 ، عنبرپیٹ میں 157 ، نلہ کنٹہ میں 121 ، حسینی علم میں 113 ، گولکنڈہ میں 101 ، شاہ عنایت گنج میں 125 کیمرے اگست 2022 ء تک ناکارہ تھے۔