سنگل جج کے حکم التواء کو ڈیویژن بنچ پر چیلنج کیا جائیگا، شادی مبارک کے تحت 3204 کروڑ جاری ، پونم پربھاکر و لکشمن کمار
حیدرآباد 17 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور اے لکشمن کمار نے کہاکہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کو بہرصورت جاری رکھا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہائیکورٹ کے سنگل جج کی جانب سے اسکیمات پر حکم التواء کے خلاف ڈیویژن بنچ پر اپیل دائر کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء نے دونوں فلاحی اسکیمات کی برخاستگی سے متعلق بی آر ایس کے اندیشوں کو مسترد کردیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد شادی مبارک اور کلیان لکشمی کی امدادی رقم گرین چیانل سے جاری کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس قائدین اسکیمات کے بارے میں مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ پونم پربھاکر نے بتایا کہ ہائیکورٹ میں شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات سے متعلق جاری کردہ 8 سرکاری احکامات کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ عدالت نے اسکیم پر عارضی حکم التواء جاری کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت سنگل جج کے حکم التواء کے خلاف ڈیویژن بنچ پر اپیل کرے گی اور موافق حکومت فیصلہ کی اُمید ہے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ 2014ء میں بی آر ایس حکومت نے دونوں اسکیمات کے لئے جو احکامات جاری کئے اُن میں کئی نقائص ہیں جس کے نتیجہ میں مخالفین کو عدالت سے رجوع ہونے کا موقع ملا۔ موجودہ حکومت سرکاری احکامات کو درست کرتے ہوئے نقائص سے پاک بنائے گی۔ پونم پربھاکر نے کلیان لکشمی اسکیم میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ اور قصوروار پائے جانے والے افراد کے خلاف کارروائی کرے گی۔ وزراء کا کہنا تھا کہ غریب خاندانوں میں لڑکیوں کی شادی کو آسان بنانے کے لئے دونوں اسکیمات کے تحت امداد دی جارہی ہے۔ اُنھوں نے اسکیمات کی برقراری کے بارے میں بی آر ایس قائدین کے شبہات اور اندیشوں کو مسترد کردیا اور کہاکہ غریبوں میں اُلجھن پیدا کی جارہی ہے۔ 2014ء میں شروع کی گئی اسکیمات کو بی سی اور ای بی سی طبقات کے لئے توسیع دی گئی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اسکیمات کے آغاز سے اب تک جملہ 1678347 خاندانوں میں 16375 کروڑ جاری کئے گئے۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت 362767 خاندانوں میں 3204 کروڑ جاری کئے گئے۔V/1