شفا ہاسپٹل مصری گنج میں میڈیکل کیمپ،20 مارچ کو مقرر ، ڈاکٹر ایس اے مجید کا بیان

   

حیدرآباد۔16مارچ(سیاست نیوز) ذیابیطس ‘ موٹاپے ‘ عوارض قلب‘ کے علاوہ بلڈ پریشر کے مریضوں کو ماہ رمضان المبارک سے قبل اپنے شخصی معالج سے رجوع ہوتے ہوئے اپنی صحت میں بہتری لانے کیلئے مشورہ لینا چاہئے اور اپنی غذائیت میں معالج کے مشورہ سے تبدیلی کے ذریعہ جسم میں قوت مدافعت کے علاوہ روزوں کے دوران قوت کی برقراری کیلئے ادویات کی تبدیلی اور دیگر امور کے متعلق معلومات حاصل کرنی چاہئے ۔ ڈاکٹر ایس ۔ اے۔ مجید ماہر ذیابیطس نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اگر مریضوں کی جانب سے اپنے معالج سے مشورہ کیا جائے تو وہ ماہ مقدس کے دوران خشوع وخضوع کے ساتھ عبادات کی انجام دہی کے لئے خود کو تیار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران روزوں کی فضیلت جاننے کے باوجود اپنے مرض کے سبب روزوں کا اہتمام نہیں کرپاتے لیکن اگر وہ ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اگر وہ اپنے طرز زندگی میں معمولی تبدیلی لاتے ہیں تو ایسی صورت میں وہ روزوں کے اہتمام کے علاوہ دیگر عبادات کی انجام دہی کے بھی متحمل ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹر ایس۔ اے ۔ مجید نے کہا کہ ذیابیطس کے مریضوں کے علاوہ بلڈ پریشر ‘ عورض قلب میں مبتلاء مریضوں اور موٹاپے کا شکار افراد کی رہنمائی کے لئے شفاء ہاسپٹل ‘ چنے کی بھٹی ‘ مصری گنج میں 20 مارچ کو کئیر ہاسپٹل نامپلی کے اشتراک سے ایک میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس میڈیکل کیمپ میں ماہرین امراض قلب‘ ماہرین امراض شکم‘ ماہرین اطفال کے علاوہ خواتین کے امراض کے ماہر ڈاکٹرس موجود رہیں گے ۔ ڈاکٹر ایس اے مجید نے بتایا کہ اس مفت کیمپ کے دوران کئیر ہاسپٹل نامپلی سے وابستہ کئی سرکردہ ڈاکٹرس مریضوں کا معائنہ و تشخیص کے علاوہ ان کیلئے ادویات تجویز کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیمپ میں ڈاکٹرس سے تشخیص کروانے کے خواہشمند فون نمبر 9705076633 پر رابطہ قائم کرتے ہوئے اپنا رجسٹریشن کروالیں تاکہ مفت کیمپ کے دوران انہیں کسی بھی طرح کی تکلیف یا انتظار نہ کرنا پڑے۔ م