شمس آباد کے قریب خوفناک سڑک حادثہ ‘ 6 افراد ہلاک

   

مہلوکین کا ایک ہی خاندان سے تعلق ۔ یادگیری گٹہ سے واپسی کے دوران لاری کو ٹکر
شمس آباد : یکم / مئی (سیاست نیوز) شمس آباد کے موضع پدا گولکنڈہ ایگزٹ گیٹ نمبر 16 کے قریب ایک دلخراش سڑک حادثہ میں 6 افراد کی موت ہوگئی اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق سرسلہ کے ایک ہی خاندان کے 7 افراد یادگیری گٹہ جاکر واپس ہورہے تھے کہ جمعہ کی دوپہر شمس آباد کے موضع پدا گولکنڈہ کے ایگزٹ گیٹ نمبر 16 کے قریب ایک ٹھہری ہوئی لاری کو کار نے ٹکر دیدی ۔ کار اتنی تیز رفتار تھی کہ وہ لاری کے پچھلے حصے میں پھنس گئی ۔ مقامی لوگوں نے یہ منظر دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ۔ اطلاع ملتے ہی فوراً پولیس مقام پر پہنچ گئی ۔ حادثہ کی وجہ سے موقع پر ہی چھ لوگوں کی موت ہوگئی ۔ جبکہ ایک خاتون شویتا شدید زخمی ہوگئی جسے خانگی دواخانہ منتقل کردیا گیا اورمہلوکین کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مہلوکین میں ببلی شیوا کمار 37 سالہ کار ڈرائیور ، ببلی لسیا ، ببلی ریشت ، کوڈیم سرینواس 40 سالہ ، کرشنا چندرا اور کوڈیم مادھو جو نابالغ ہیں شامل ہیں ۔ اطلاع ملتے ہی ڈی سی پی چیوڑلہ (انچارج) نے مقام کا معائنہ کیا اور زخمی خاتون جس کی حالت تشویشناک ہے بہتر علاج کرنے ڈاکٹروں کو ہدایت دی ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ حادثہ کی اصل وجہ معلوم نہ ہوسکی ۔ جس کی تحقیقات کی جارہی ہے اور لاری ڈرائیور کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا جس نے لاری کو سڑک کے کنارے ٹھہرایا تھا ۔ اس موقع پر شمس آباد انسپکٹر نریندر ریڈی بھی موجود تھے ۔ لاری ڈرائیور نے بتایا کہ چار بجے لاری میں خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے لاری کو سڑک کے کنارے ٹھہرایا تھا جس کے چند منٹوں میں ہی یہ حادثہ پیش آیا ۔ لاری جو چوٹ اپل سے نندیال جارہی تھی ۔ شمس آباد انسپکٹر نریندر ریڈی نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہے جس کے بعد لاری ڈرائیور کی غلطی ہونے پر اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ ش