شہر میں گرمی کی تمازت میں اضافہ ۔ صحت کی برقراری پر توجہ ضروری

   

بوتل بند مشروبات کے استعمال سے بچنا چاہئے ۔ آئندہ دنوں میںگرمی میں اضافہ کا امکان
حیدرآباد۔13فروری(سیاست نیوز) شہر میں گرمی کی تمازت میں اضافہ کے ساتھ شہریو ں میں ٹھنڈے مشروبات کے رجحان میں اضافہ ہورہاہے ۔ جگہ جگہ غیر معیاری مشروبات کی ٹھیلہ بنڈیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔ موسم گرما کے دوران قدرتی ٹھنڈے مشروبات اور میوہ جات کا استعمال فائدہ مند ہوتا ہے جبکہ غیر معیاری مشروبات مضر ثابت ہوتے ہیں۔ فی زمانہ جب کہ وبائی امراض ختم نہیں ہورہے ہیں معیاری مشروبات صحتمند ہوں گے جبکہ غیر معیاری برف اور مشروبات مختلف امراض کا سبب بن سکتا ہے علاوہ ازیں موسم میں تبدیلی دن میں گرمی اور رات میں سردی بھی صحت کے بگاڑ کا سبب بن سکتی ہے ۔موسم گرما میں اضافہ کے ساتھ ہی بوتل بند مشروبات کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگتا ہے لیکن ان کے استعمال سے فوری راحت ملتی ہے لیکن اس کے جو منفی اثرات ہاضمہ کے نظام پر ہوتے ہیں وہ کئی بیماریوں کا باعث بننے لگتے ہیں۔ ماہرین طب کا ماننا ہے کہ موسم گرما کے دوران نہ صرف حلق اور زبان کو راحت فراہم کرنی چاہئے بلکہ معدہ کو بھی راحت میسر آئے ایسے مشروبات کا استعما ل کیا جانا چاہئے لیکن موجودہ دور میں ان مشروبات کے استعمال کے بجائے بوتل بند مشروبات کے استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے جو ظاہری اعتبار سے زبان اور حلق کو راحت فراہم کرتے ہیں لیکن معدہ کیلئے نقصاندہ ہیں۔اطباء کا کہناہے کہ گرما کے دوران جو قدرتی مشروبات اور پھل معدہ کیلئے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں ان میں ناریل پانی‘ تربوز وغیرہ شامل ہیں جبکہ سوڈے والے بوتل بند مشروبات معدہ کیلئے نقصان کا سبب ہیں۔ معدہ کو ٹھنڈا رکھنے کے علاوہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہنے احتیاطی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں لیکن ان کے نام پر بوتل بند مشروبات کا استعمال فائدہ کی بجائے نقصان کا سبب بنتا ہے۔ گرما کے دوران جسم میں پانی کی کمی کو دور کرنے زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال ضروری ہے۔ گرما کی شروعات کے ساتھ ہی شہر میں مٹی کے گھڑوں اور صراحی کی فروخت شروع ہوچکی ہے ۔ گرمی کی تمازت میں ابتدائی ایام کے ساتھ ہی اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا رہا ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا ۔