طلبہ کی قربانیوں پر نرمل میں کینڈل مارچ

   

راہول گاندھی کے ساتھ پولیس کے رویہ کی مذمت ، مختلف قائدین کا خطاب
نرمل ۔26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیٹ پیپر لیک معاملہ اور طلبہ کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نرمل میں کینڈل ریالی کا انعقاد عمل میں آیا۔ تلنگانہ کانریس کمیٹی اور نرمل ضلع کانریس کمیٹی کی اپیل پر پیپر لیک واقعہ اور طلبہ کی قربانیوں کے تناظر میں کل شام ایک بڑی کینڈل مارچ ریالی نکالی گئی۔ یہ ریالی ویویکانند چوک سے شروع ہوکر ڈاکٹر امبیڈکر چوک تک پہنچی جس میں کانگریس رہنماؤں، طلبہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسمبلی حلقہ نرمل کانگریس پارٹی انچارج کے سری ہری راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیٹ پیپر لیک کی وجہ سے ملک بھر کے ہزاروں طلباء کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے اور طلبہ کی خود قربانیوں کی ذمہ دار مرکزی حکومت کی ناکامی ہے۔ انہوں نے طلباء سے اظہار یکجہتی کرنے والے قائد راہول گاندھی کے ساتھ پولیس کے رویہ کی سخت مذمت کی۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ طلبہ کی جدوجہد اور ملک بھر میں کانگریس کی تحریک کی ایک اہم کامیابی ہے۔ اس ریالی میں سابق وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی، نرمل زراعی مارکیٹ کمیٹی چیرمین بھیم ریڈی، بلدیہ نرمل کے نائب صدرنشین اے گنیش چکرورتی، ضلع لائبریری چیرمین سید ارجمند علی، کانگریس ضلع سیکریٹری جنید میمن، محمد ذیشان علی سیکریٹری کانگریس، اقلیتی سیل نرمل ٹاؤن ایم اے متین، عمران اللہ رکن بلدیہ کے علاوہ کانگریس کی خواتین بھی شریک تھیں۔